نواز الدین صدیقی کا ویب سیریز میں کام نہ کرنے کا فیصلہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 01-11-2021
نواز الدین صدیقی کا ویب سیریز میں کام نہ کرنے کا فیصلہ
نواز الدین صدیقی کا ویب سیریز میں کام نہ کرنے کا فیصلہ

 


آواز دی وائس،انٹرٹینمنٹ ڈیسک

بالی ووڈ کے سپر سٹار نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ وہ ملک کی بڑھتی ہوئی اسٹریمنگ مارکیٹ کے لیے بننے والی سیریز اور فلموں میں کام کرنا بند کر دیں گے کیونکہ اس پلیٹ فارم کے لیے معیاری مواد نہیں بن رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیٹ فلکس، ایمیزون کا پرائم ویڈیو اور ڈزنی کا ہاٹ سٹار ہندوستان کی 1.3 ارب کی آبادی کے لیے فلمیں اور سیریز بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

نوازالدین صدیقی نے نیٹ فلکس کی پہلی انڈین سیریز ’سیکرڈ گیمز‘ میں کام کیا تھا۔ یہ سیریز 2018 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے عالمی سطح پر پزیرائی ملی تھی۔

تاہم 47 برس کے نواز الدین صدیقی نے انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان پلیٹ فارمز پر ’مقدار نے معیار کو ختم کر دیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم پر غیرمعیاری فلمیں بن رہی ہیں۔ ’ہمارے پاس یا تو وہ شوز ہیں جو دیکھنے کے قابل ہی نہیں ہیں یا ان شوز کے سیکوئل ہیں جن میں زیادہ کچھ بتانے کو نہیں ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بڑے پروڈکشن ہاؤسز اداکاروں کے لیے دھندہ بن گیا ہے۔

بالی ووڈ میں مشہور فلم پروڈیوسرز نے او ٹی ٹی (اوور دا ٹاپ) فیلڈ میں تمام بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ منافع بخش سودے کیے ہیں۔ پروڈیوسرز کو لامحدود مواد بنانے کے لیے بھاری رقم مل رہی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ڈیجیٹل میڈیم پر جس جوش اور چیلنج کو سیکرڈ گیمز کے وقت محسوس کیا تھا وہ اب نہیں ہے۔‘ ’جب میں انہیں دیکھنا برداشت نہیں کر سکتا تو ان میں کام کرنا کیسے برداشت کر سکتا ہوں؟‘

نوازالدین صدیقی کو ہندی سنیما کا کامیاب اداکار سمجھا جاتا ہے۔ وہ ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں کے معمولی سے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ تاہم سال 2000 میں ملک کے فلمی دارالحکومت ممبئی میں نقل مکانی کرنے کے بعد انہوں نے بہت نام کمایا۔

ملک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا شمار پہلے ہی سے دنیا کی بڑی مارکیٹس میں ہوتا ہے۔ اس کی مالیت اکاؤنٹنسی فرام ارنسٹ اینڈ ینگ نے 24 ارب ڈالر بتائی ہے۔