کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر معطل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-05-2021
کنگنا رناوت
کنگنا رناوت

 

 

 ممبئی

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت جہاں اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ شعلہ بیانی کی وجہ سے اکثر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی زینت بنی رہتی ہیں ۔ لیکن آج وہ کسی اور وجہ سے خبروں میں ہیں ۔ ٹوئٹر نے اداکارہ کا آفیشل آکاؤنٹ مستقل طور پر اس وقت بند کر دیا جب ان کے ایک بیان پر تنازعہ اٹھ کھڑا ہوا ۔

اپنی ٹوئٹر پوسٹس میں کنگنا رناوت نے مغربی بنگال میں صدارتی نظام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن علاقوں میں بی جے پی جیتی ہے وہاں تشدد نہیں ہوا جبکہ اس کے برعکس بنگال میں تشدد دیکھنے کو ملا۔

کنگنا نے بظاھر ٹوئٹر کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ ٹویٹس کئے جن میں انہوں نے حال ہی میں مغربی بنگال میں الیکشن جیتنے والی ممتا بینر جی کے بارے میں نامناسب الفاظ بھی استعمال کیے۔

ٹوئٹر ترجمان کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نے کئی بار ٹوئٹر پلیٹ فارم کے اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ ٹوئٹر ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس بات کی وضاحت پہلے بھی کر چکے ہیں کہ ہم ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کریں گے جو کسی بھی قسم کے تشدد یا آف لائن نقصان میں معاون ہو۔

دوسری طرف اے این آئی سے گفتگو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ٹوئٹر نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ وہ امریکن ہے اور پیدائشی طور پر سفید فام شخص ہم لوگوں کو غلام بنانا اپنا حق سمجھتا ہے، یہ آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ کیا سوچنا ،بولنا اور کرنا ہے۔ میرے پاس بہت سے ذرائع ہیں جن سے میں اپنی آواز لوگوں تک پہنچا سکتی ہوں اور اس میں میری فیلڈ سینما شامل ہے۔