نیتاجی کی زندگی کو پیش کرنے والی فلمیں اور سیریز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
نیتاجی کی زندگی پر مبنی ایک فلم کا پوسٹر
نیتاجی کی زندگی پر مبنی ایک فلم کا پوسٹر

 

(آواز دی وائس نیوز سروس) 
نیتا جی سبھاش چندر بوس کے 125 ویں یوم پیدائش کی تقریبات آج 23 جنوری کو ملک بھر میں منائی جارہی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ آج وہ ہمارے درمیان نہ ہوں ، لیکن ان کی بہادری کی داستانیں آج بھی ان کی یاد دلاتی ہیں۔ وہ کلکتہ سے بھیس بدل کر نکلے اور پھر افغانستان اور سوویت یونین کے راستے جرمنی پہنچے.وہ دیش کی آزادی کے لئے دنیا بھر میں گھومے اور عالمی لیڈروں سے ملے.ان کی زندگی کو پیش کرنے کے مقصد سے بہت سی فلمیں بنی ہیں جن میں چند کا ذکر ہم ذیل میں کر رہے ہیں.
بوس ڈیڈ / الائیو 
2017 میں ریلیز یہ منی سیریز انوج دھر کی ایک کتاب پر مبنی ہے ، جو سال 2012 میں سامنے آئی تھی۔ ہنسل مہتا اس کے پروڈیوسرہیں اور ایکتا کپور نے یہ سیریز بنائی تھی.مشہور اداکار راجکمار راؤ کو اس میں نیتا جی کے رول میں پیش کیا گیا تھا۔
گمنامی
بنگالی فلموں کے معروف فلم ساز شریجیت مکھرجی نے بنگالی سپر اسٹار پروسنجیت چیٹرجی کو اپنی 2019 کی فلم میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کے رول میں پیش کیاتھا۔ فلم میں ، نیتا جی کے لاپتہ ہونے یا ان کی موت کے معمہ کو حل کرنے کی ایک اچھی کوشش کی گئی تھی۔
دی فارگٹن آرمی: آزادی کے لئے
2020 میں ، فلمساز کبیر خان نے اپنی ویب سیریز کے ذریعے نیتا جی کی انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے) یا آزاد ہند آرمی کے بارے میں بتانے کی کوشش کی تھی۔ اس میں سنی کوشل اور شراوری مرکزی کردار میں تھے۔ اس سیریز میں ان مردوں اور خواتین کی سچی کہانیاں سنائی گئیں تھیں جو آئی این اے کا حصہ بن کر ہندوستان کی آزادی کے لئے لڑے تھے۔
نیتا جی سبھاش چندر بوس: فارگاٹین ہیرو
شیام بینیگل کی پیش کردہ اس بائیوپک میں سچن کھیڈیکر ٹائٹل رول میں نظر آئے تھے۔ سال 2004 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم، نیتا جی پر بنی فلموں میں سب سے بڑی فلم رہی ہے۔ اس میں ، ملک کی آزادی کی جدوجہد کو نیتا جی کے نقطہ نظر سے پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بینیگل کی اس کوشش کوناظرین نے خوب پسند کیا اور بی ایف آئی لندن فلم فیسٹیول میں بھی فلم کو خوب سراہا گیا۔
دیگرکاوشیں 
ان پروجیکٹس کے علاوہ ، 2017 میں ٹگمانشو دھولیا کی فلم 'راگ دیش' ، 1966 میں پیوش بوس کی فلم 'سبھاش چندر' اور 2019 میں تاریخی پس منظر پر مبنی بنگالی سیریز 'نیتا جی' میں بھی ملک کے تعلق سے نیتا جی کے جذبات اورجدوجہد کو دکھایا گیا تھا.