دیا مرزا کی صنعت کار ریکھی سے دوسری شادی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-02-2021
دیامرزاکی شادی کی تصویر
دیامرزاکی شادی کی تصویر

 

ممبئی:اداکارہ دیا مرزا،ایک بار پھر شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔ انھوں نے ممبئی کے صنعت کار ویبھو ریکھی سےشادی کی ہے۔ دیا مرزا نے شادی کے لئے کسی ہوٹل کو بک نہیں کیاتھا بلکہ شادی کی تقریب ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ باندرہ میں منعقد کی۔ شادی کی رسومات کی تکمیل کے بعد انہوں نے میڈیا کے سامنے پوزدیا اورتصاویر بھی بنوائیں۔انھوں نے میڈیا کے نمائندوں کو مٹھائی کھلائی۔

شادی کی تصاویر میں اداکارہ کو سرخ رنگ کی بنارسی ساڑھی میں دیکھا جاسکتاہے۔ انہوں نے سرخ رنگ کا دوپٹہ بھی اوڑھ رکھا ہے۔ دیا مرزا نے شادی کے موقع پر بہت سے گہنے پہن رکھے تھے اور بے حد خوبصورت لگ رہی تھیں۔انھوں نے مانگ ٹیکا اور سونے کا بھاری نیکلیس پہنا ہوا تھا۔ اس موقع پر ویبھو ریکھی نے سفید رنگ کی شیروانی اور ہلکے بادامی رنگ کی پگڑی پہنی ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پر دیا مرزا اور ویبھو ریکھی کی شادی کے تعلق سے پہلے سے خبریں گردش کر رہی تھیں اس بیچ انھوں نے شادی کرلی۔ خیال رہے کہ 14 فروری کو خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ اگلے تین روز میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔جس کے بعد 15 فروری کو اداکارہ نے خود انسٹاگرام اسٹوری میں اپنی مہندی کی تقریبات اور شادی کے جوڑے کی تصاویر شیئر کرکے اس بات کی تصدیق کی تھی۔ دیا مرزا نے 15 فروری کو انسٹاگرام اسٹوری میں ہاتھوں میں سجائی گئی مہندی اور برائیڈل شاور کی تصاویر شیئر کی تھیں اور ساتھ میں ’پیار‘ کا لفظ استعمال کیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ اداکارہ دیا مرزا نے پہلی شادی 2014 میں صنعت کار و فلم پروڈیوسر ساحل سنگھا سے کی تھی، تاہم دونوں کے درمیان اگست 2019 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔اداکارہ کی شادی کی تقریب میں چند قریبی دوستوں اور دونوں کے اہلخانہ نے شرکت کی۔