بالی ووڈ اداکارراج کمار راؤ رشتہ ازدواج سے منسلک

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-11-2021
بالی ووڈ اداکارراج کمار راؤ رشتہ ازدواج سے منسلک
بالی ووڈ اداکارراج کمار راؤ رشتہ ازدواج سے منسلک

 


آواز دی وائس، انٹرٹینمنٹ ڈیسک

بولی ووڈ کے ورسٹائل اداکار راج کمار راؤ اور اداکارہ پترا لیکھا پال شادی کے بندھن میں بندھ گئے اور دونوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مداحوں کو نئی زندگی شروع کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔

راج کمار اور پترا لیکھا کی شادی کی تقریبات 13 نومبر کو ان کی منگنی سے ہوئی تھیں، ان کی شادی کی مرکزی تقریبات ریاست پنجاب اور ہریانہ کے درالحکومت ’چندی گڑھ‘ کے پرتعیش مقام پر ہوئیں۔

راج کمار راؤ نے انسٹاگرام پر 15 نومبر کی شب رات دیر گئے دلہن کے ہمراہ شادی کی تقریبات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کی۔

اداکار نے لکھا کہ انہوں نے 11 سال تک پترا لیکھا سے محبت میں گزارنے کے بعد بالآخر انہیں اپنا جیون ساتھی بنا کر نئی زندگی شروع کردی۔

انہوں نے اپنی اہلیہ کو اپنا سکون، محبت، خوشی اور سب کچھ قرار دیتے ہوئے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے اس سے بڑھ کر اور کوئی اعزاز اور خوشی کی بات نہیں کہ انہیں اب پترا لیکھا کا پتی کہا، لکھا اور پکارا جائے گا۔

 

انہوں نے شادی کے دوران کھچوائی گئی دو تصاویر بھی شیئر کیں جن میں پترا لیکھا کو روایتی سرخ عروسی لباس جب کہ راج کمار کو سفید لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک تصویر میں راج کمار اہلیہ کے بالوں میں زیور بھی سجاتے دکھائی دیے۔

ان کی طرح پترا لیکھا پال نے بھی وہی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔

انہوں نے بھی شوہر کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں اپنی محبت، ساتھی، سکون اور خوشی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے بھی راج کمار کی پتنی کہلانے کا اعزاز سب سے عزیز اور اہم ہے۔ دونوں کی تصاویر پر شوبز

شخصیات، سیاسی و سماجی افراد سمیت ان کے مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد پیش کی۔