عروج آفتاب :گریمی ایوارڈز جیتنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-04-2022
 عروج آفتاب :گریمی ایوارڈز جیتنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ
عروج آفتاب :گریمی ایوارڈز جیتنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ

 

 

اسلام آباد: پاکستانی امریکن گلوکارہ عروج آفتاب نے دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز میں اپنے گانے ’محبت‘ کے لیے بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

گریمی ایوارڈز کی بیسٹ گلوبل پرفارمنس کیٹگری میں عروج کا گیت ’محبت‘ چنا گیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ ’اور پہلی پاکستانی خاتون گریمی فاتح ہیں… عروج آفتاب!‘

عروج کی اس بڑی کامیابی پر معروف شخصیات سمیت ان کے چاہنے والے انہیں بڑی تعداد میں مبارکباد دے رہے ہیں۔

عروج آفتاب کی غزل کو سابق امریکی صدر بارک اوباما نے بھی اپنی پسندیدہ گانوں میں شمار کیا تھا۔

عروج آفتاب نے کہا کہ گریمی ایوارڈجیتنے کا سن کرخوشی کاٹھکانہ نہیں، عروج اپنے گیتوں میں کلاسیکی موسیقی کو لوک اور جیز سے ہم آہنگ کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کو دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا، یہ پہلا موقع تھا کہ جب کسی پاکستانی گلوکارہ کو 2 کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا۔

عروج آفتاب کو بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس اور بیسٹ نیو آرٹسٹ کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔ حیران کن طور پر اس بار لیڈی گاگا اور ٹیلر سوئفٹ جیسی گلوکارائیں زیادہ نامزدگیاں حاصل نہیں کر سکی تھیں۔

عروج آفتاب 37 سالہ پاکستانی گلوکارہ ہیں، جن کی پیدائش سعودی عرب میں ہوئی لیکن والدین کے ساتھ وطن آ کر لاہور سے اپنی موسیقی کا آغاز کیا، اور امریکا کے برکلے کالج آف میوزک سے تعلیم حاصل کی ۔

اب تک ان کی تین سولو البم آ چکی ہیں، عروج کو بچپن سے کلاسیکی موسیقی، غزل اور قوالی سے لگاؤ رہا ہے، وہ گلوکاری کے علاوہ موسیقار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔