انجلینا جولی بے گھر یوکرینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوشاں

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
انجلینا جولی بے گھر یوکرینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوشاں
انجلینا جولی بے گھر یوکرینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوشاں

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ وہ اور یو این ایچ سی آر بے گھر یوکرینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتے ہیں۔

انجلینا جولی نے فوٹو اینڈ ویڈیوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر روس یوکرین تنازع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے اپنی انسٹاپوسٹ میں لکھا کہ’ تمام لوگوں کی طرح وہ بھی یوکرین کے لوگوں کے لیے دعا کر رہی ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اس وقت اُن کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ وہ اپنے یو این ایچ سی آر(UNHCR) کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر خطے میں بے گھر ہونے والوں اور پناہ گزینوں کے تحفظ اور بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں‘۔

اداکارہ نے لکھا کہ’ہم ہلاکتوں اور لوگوں کے اپنی جانوں کی حفاظت کے لیے گھروں کو چھوڑنے کی اطلاعات پہلے ہی دیکھ چکی ہیں‘۔ اُنہوں نےمزید لکھا کہ’یہ جاننا کہ آگے کیا ہوگا، قبل اَز وقت ہوگا لیکن اس لمحے کی بہت اہمیت ہے‘۔

اپنی پوسٹ کے آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ’یوکرین کے لوگوں اور بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کے لیے صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جا سکتا‘۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ روسی فوج یوکرینی دارالحکومت کیف کے بہت قریب پہنچ گئی ہے،

امریکی نیوز چینل سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ بیلاروس کے راستے یوکرین میں داخل ہونے والی روسی فوج یوکرینی دارالحکومت کیف سے 20 میل کے فاصلے پر ہے۔

جبکہ روس کے حملے کے دوسرے روز یوکرین کے دارالحکومت کیف میں صبح 2 زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔