انسٹاگرام ٹاپ ٹین انفلوئنسر، عالیہ بھٹ کا نام بھی شامل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
انسٹاگرام : ٹاپ ٹین انفلوئنسر، عالیہ بھٹ کا نام بھی شامل
انسٹاگرام : ٹاپ ٹین انفلوئنسر، عالیہ بھٹ کا نام بھی شامل

 

 

  بالی وڈ فلم انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد عالیہ بھٹ اب مغرب کو بھی اپنی اداکاری سے گرویدہ بنانے کی تیاریوں میں ہیں۔ انفلوئنسر مارکیٹنگ حب کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہالی وڈ میں قدم رکھنے سے قبل ہی عالیہ بھٹ نے دنیا کی توجہ عالمی مشہور شخصیات کی فہرست میں شامل ہو کر حاصل کرلی ہے۔

اس انفلوئنسر مارکیٹنگ حب کے مطابق انڈین اداکارہ کو انسٹاگرام کی 10 بڑی شخصیات میں شامل کیا گیا ہے جو لاکھوں افراد کو متاثر کرتی ہیں۔

اس فہرست میں ان کے ساتھ اداکارہ زندایا اور ہالی وڈ کے سٹار ول سمتھ بھی ہیں۔ دس شخصیات میں پہلے نمبر پر سپائیڈر مین سے مشہور ہونے والی اداکارہ زندایا ہیں۔ فہرست میں ٹام ہالینڈ، ’دی راک‘ کے نام سے مشہور اداکار ڈیونے، جنوبی کوریا کے ریپر جے ہوپ اور ول سمتھ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام پر عالیہ بھٹ کے 6 کروڑ 40 لاکھ فالوورز ہیں جبکہ ان کی پوسٹ پر صارفین کی سرگرمی کی شرح ساڑھے تین فیصد ہے یعنی 19 لاکھ ہے۔ انسٹاگرام پر اتنی سرگرمی کے ساتھ انہوں نے جینیفر لوپیز، کرائسٹ ہیمزورتھ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اس فہرست میں انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑا، اداکار اکشے کمار، شردھا کپور اور رشمیکا مندانا بالترتیب 13 ویں، چودھویں، اٹھارویں اور انیسویں نمبر پر ہیں۔ ایسے افراد جو انسٹاگرام پر عالیہ بھٹ کی موجودگی کو دیکھتے ہیں ان کو اداکارہ کی ٹائم لائن سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے پروفیشنل اور ذاتی اپڈیٹ کے حوالے سے ایک صحت مندانہ ماحول قائم کر رکھا ہے۔

اس کے علاوہ وہ اپنے انسٹاگرام کو نہایت کامیابی کے ساتھ فلموں، برانڈز اور ذاتی کاروبار کی مارکیٹنگ کے لیے بھی استعمال کرتی ہیں۔ کورونا کی وبا کے دوران عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام سے مفاد عامہ میں بھی پیغامات جاری کیے۔ عالیہ بھٹ نے رنبیر کپور سے اپنی شادی کی خبر بھی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے ذریعے ہی لوگوں تک پہنچائی اور اپنے شوہر کے ساتھ کئی تصاویر پوسٹ کیں۔