یوسف شاہ نے آئی کیو میں آئن سٹائن اور سٹیفن ہاکنگ کو پیچھے چھوڑ دیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
یوسف شاہ نے آئی کیو میں آئن سٹائن اور سٹیفن ہاکنگ کو پیچھے چھوڑ دیا
یوسف شاہ نے آئی کیو میں آئن سٹائن اور سٹیفن ہاکنگ کو پیچھے چھوڑ دیا

 

 

لندن:برطانوی شہر لیڈز سے تعلق رکھنے والے گیارہ سالہ یوسف شاہ نے بین الاقوامی مینسا آئی کیو ٹیسٹ میں 162 سکور کرتے ہوئے البرٹ آئن سٹائن اور سٹیفن ہاکنگ جیسے ذہین طبیعیات دان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق آئی کیو ٹیسٹ میں 18 سال سے کم عمر افراد میں زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کرتے ہوئے یوسف شاہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ علاقے کی بھی اہم شخصیت بن گئے ہیں۔

انتہائی ذہین طالب علم کے اس سکور کا موازنہ عالمی شہرت یافتہ طبیعیات دان سٹیفن ہاکنگ اور آئن سٹائن سے کیا جاتا ہےاور ان دونوں کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اس ٹیسٹ میں 160 سکور کر سکے ہیں۔

یوسف شاہ نے بتایا کہ انہوں نے مینسا آئی کیوٹیسٹ دینے کا فیصلہ اس وقت کیا جب انہیں سکول کے ساتھی مسلسل یہ یقین دہانی کراتے رہے کہ وہ کس قدر ذہین اور انتہائی قابلیت کے حامل ہیں۔ یوسف شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ہمیشہ یہ خواہش رکھتا تھا کہ میں ٹیسٹ دینے والے دو فیصد لوگوں میں شامل ہو سکتا ہوں اور میرے لیے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا انتہائی خاص ہے۔

ذہین طالب علم کا کہنا ہے کہ انہیں ہر وہ کام کرنا اچھا لگتا ہے جو دماغ کو متحرک رکھتا ہے اور وہ سدوکو پزل اور روبک کیوبز کو حل کر کے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ریاضی کے ذہین طالب علم نے کیوبز کے ساتھ خاص مہارت سے دماغ لڑانا شروع کیا اور صرف ایک مہینے کی پریکٹس سے آئی کیو ٹیسٹ میں شامل ہو کر کامیابی کا یہ ریکارڈ حاصل کر لیا۔

یوسف شاہ اپنے والد عرفان اور والدہ ثناء سمیت دو بھائیوں ذکی اور خالد کے ساتھ وائٹن مور، لیڈز میں رہتے ہیں اور اس کامیابی کا جشن منانے کے لیے والدین اور بھائیوں کے ساتھ وہ اپنے من پسند چکن ریسٹورنٹ میں گئے۔

اس موقع پر یوسف کی والدہ نے بتایا کہ ’ہمیں اپنے بیٹے پر بڑا فخر ہے کہ وہ بین الاقوامی مینسا آئی کیو ٹیسٹ دینے والا ہمارے خاندان میں پہلا شخص بن گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’حقیقت میں اس کے لیے شروع میں تھوڑی فکر مند تھی۔ ہم سوچ رہے تھے کہ یہ ٹیسٹ ہال میں جا کر گھبرا جائے گا وہاں بڑی عمر کے ذہین لوگ ہوں گے لیکن اس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘ یوسف کی والدہ نے بتایا کہ ’میں اپنے بیٹے کے اندر ذہانت اور محنت کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے اس کی صلاحیتوں کو ابھارتی ہوں تاہم اکثر پیار سے یہ بھی کہتی ہوں کہ آپ کے والد آپ سے زیادہ ذہین ہیں۔‘

ذہین طالب علم کے آٹھ سالہ بھائی خالد نے اپنا عزم ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی عمر کے اس حصے میں پہنچ کر اپنے بھائی کی طرح مینسا آئی کیو ٹیسٹ میں ضرور شرکت کریں گے۔ یوسف شاہ جو قدرتی طور پر ریاضی کے مضمون میں کمال مہارت رکھتے ہیں ان کی خواہش ہے کہ کیمبرج یا آکسفورڈ میں اپنے پسندیدہ شعبے میں تعلیم حاصل کریں۔