کورونا دور میں اردو میں طلبا کو مفت مواد فراہم کرنے والے یوٹیوبرز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-04-2021
پچھلے ایک سال میں یوٹیوب کے متعدد چینلز سامنے آئے ہیں جو اردو میں تمام مضامین سے متعلق مواد فراہم کرتے ہیں
پچھلے ایک سال میں یوٹیوب کے متعدد چینلز سامنے آئے ہیں جو اردو میں تمام مضامین سے متعلق مواد فراہم کرتے ہیں

 

 

 نئی دہلی

کووڈ 19 وبائی بیماری کے دوران پچھلے ایک سال میں یوٹیوب کے متعدد چینلز سامنے آئے ہیں جو اردو میں تمام مضامین سے متعلق مواد فراہم کرتے ہیں۔ کویڈ ۔19 کی وجہ سے آن لائن کلاس کو آف لائن کلاس کے متبادل کے طور پر منتخب کرنے کے بعد اردو میں مواد کی ضرورت کو محسوس کیا گیا لیکن اردو میں اتنا آن لائن مواد دستیاب نہیں تھا۔

مہاراشٹرا کے سولا پور سے تعلق رکھنے والی آفرین شاہ نے گذشتہ چھ سات ماہ کے عرصہ میں اپنے یوٹیوب چینل "اسمارٹ لرننگ ود آفرین" پر 300 سے زیادہ ویڈیوز اپلوڈ کیں۔ اس کے ویڈیو میں سبھی مضامین جیسے تاریخ ، جغرافیہ ، ریاضی ، اردو وغیرہ کے متنی نوٹ ، گرائمر ، سوالیہ پیپر کے حل ، لکھنے کی مہارت ، ٹیسٹ وغیرہ شامل ہیں ۔ وہ ایک دن میں کم سے کم ایک ویڈیو بناتی ہے۔ وہ جو کام کر رہی ہیں اس کیلئے واقعی محنت اور لگن کی ضرورت ہے۔

پونے سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ انتخاب شیخ نے مفید تعلیمی ویڈیوز کو بنانے کیلئے ضروری گیجٹ ، اپلیکشنس اور دیگر سامان میں اپنی جیب سے 50000 روپے خرچ کئے ۔ انہوں نے 243 سے زیادہ ویڈیوز بنائی ہیں جن میں زیادہ تر ہندی ، تاریخ اور اردو کے مضامین سے متعلق ہیں۔ انہوں نے اپنے چینل کا نام "مکالمہ " رکھا ہے۔

 رضوان سید (ہمنوا) جو ہسمیہ اردو ہائی اسکول ممبئی سے وابستہ ہیں ، ہائی اسکول کے طلباء کے لئے ویڈیو بناتے ہیں اور "رہبر اکیڈمی" کے نام سے اپنے چینل پر اپلوڈ کرتے ہیں۔ وہ اردو میں ریاضی اور سائنس جیسے مضامین پر آن لائن کلاس دیتے ہیں ۔ بہت سے مضامین ایسے ہیں جن کو سمجھنے کے لئے بہت زیادہ انہماک کی ضرورت ہوتی ہے اور زیادہ تر طلباء اساتذہ کے ساتھ ہی اسے سیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس طرح رضوان کو اپنے چینل پر تقریبا 9 لاکھ ویوز ملتے ہیں جو واضح طور پر اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ واقعتا وہ طلبا کو وہی چیز فراہم حاصل کر رہے ہیں جو وہ طلبا چاہتے ہیں ۔ وہ سخت مضامین کو اردو زبان میں آن لائن پڑھاتے ہیں اور یہی چیز انھیں ایک منفرد استاد بناتی ہے۔

ایک سینئر ٹیچر اورکچھ والدین نے بتایا کہ تمام اساتذہ ٹکنالوجی میں ماہر نہیں ہیں لیکن یہ یوٹیوبیر اساتذہ سب کے لئے مفت میں تدریسی مواد اپلوڈ کرکے بہت اچھا کام کررہے ہیں۔ سینئر ٹیچر سمیر نے مزید کہا کہ وہ جو مواد تیار کررہے ہیں اس سے طلبا کو سیکھنے اور والدین کو اپنے بچوں کو پڑھانے میں مدد ملے گی۔ مختلف مقامات سے اساتذہ بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ اس مشکل وقت میں ان کی شراکت اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔