اے ایم یو میں وجیلنس بیداری ہفتہ کا انعقاد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
اے ایم یو میں وجیلنس بیداری ہفتہ کا انعقاد
اے ایم یو میں وجیلنس بیداری ہفتہ کا انعقاد

 

 

آواز دی وائس،علی گڑھ

 علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مختلف شعبوں اور اداروں میں منائے گئے وجیلنس بیداری ہفتہ کے دوران شرکا ء نے بدعنوانی کے خاتمے اور اخلاقی طرز عمل، شفافیت اور اچھی حکمرانی کے اعلیٰ ترین معیاروں کو برقرار رکھنے کے لئے وزارت تعلیم، حکومت ہند کی رہنما ہدایات کے مطابق دیانتداری کا حلف لیا۔

اے ایم یو کے شعبہ کامرس نے اس موقع کی مناسبت سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں حاضرین نے دیانتداری کا عہد کیا۔ پروفیسر نواب علی خان (چیئرمین، شعبہ کامرس) نے روزمرہ کی زندگی میں گُڈ گورننس کی اہمیت کے ساتھ ساتھ ایسا نہ ہونے کے باعث مجموعی طور پر معاشرے کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا”وجیلنس بیداری ہفتہ کا انعقاد عوام میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے کیا جاتا ہے“۔

ڈاکٹر نغمہ اظہر نے ان نکات کی وضاحت کی جن کا تمام حاضرین کو حلف لینا تھا۔ بعد ازاں تمام حاضرین کو دیانتداری کا حلف دلایا گیا۔ اس موقع پر فیکلٹی آف کامرس کے ڈین پروفیسر عمران سلیم سمیت دیگر اساتذہ اور عملہ کے اراکین موجود تھے۔

پروگرام کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر نغمہ اظہر، ڈاکٹر اسلم خان اور ڈاکٹر محمد سعید خان تھے۔ شعبہ اقتصادیات میں وجیلنس بیداری ہفتہ پر منعقدہ پروگرام میں صدر شعبہ پروفیسر محمد عبدالسلام نے حاضرین کو ایمانداری کا حلف دلایا۔

شعبہ تحفظی و سماجی طب میں صدر شعبہ پروفیسر روبی انجم کی نگرانی میں پی جی اسکالرز اور انٹرنز کے لئے وجیلنس بیداری ہفتہ کی مناسبت سے ”دیانتداری کے ساتھ خود انحصاری“ موضوع پر ایک ڈبیٹ مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔

پروفیسر روبی انجم نے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے ساتھ دیانتداری کا حلف لیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہر ایک کو ایمانداری کا حلف لینا چاہئے اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔

ڈبیٹ مقابلے کے جج ڈاکٹر عمار ابن انور تھے۔ شعبہ کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے دفاتر میں ایمانداری کے بارے میں بیداری پیدا کرنے سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

پروگرام کا اہتمام ڈاکٹر ایم عثمان نے کیا۔ مولانا آزاد لائبریری میں کارگزار لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے لائبریری کے عملہ کے ارکان کو دیانتداری کا حلف دلایا۔

انہوں نے بدعنوانی کے خلاف لڑنے کے لئے دیانتداری اور چوکسی کی ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر فاطمہ نے کہا ”وجیلنس ہفتہ منانا سینٹرل وجیلنس کمیشن کے ذریعہ استعمال کئے جانے والے ٹولز میں سے ایک ہے جس کا مقصد اجتماعی طور پر بدعنوانی کی روک تھام اور عوامی بیداری پیدا کرنا ہے“۔

پروگرام میں ڈاکٹر منور اقبال اور دیگر نے شرکت کی۔ اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول، قاضی پاڑہ میں وجیلنس بیداری پروگرام کا آغاز اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر ایم عالمگیر کی قیادت میں حلف لینے کے ساتھ ہوا۔

وائس پرنسپل جاوید اختر نے وجیلنس کے تصور کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سردار پٹیل اور ان کی دیانتدارانہ اقدار کے احترام کے طور پر اس ہفتہ کو منایا جاتا ہے تاکہ ملک کے ہر شہری کے اندر یہ جذبہ پیدا کیا جائے۔

اسکول کے عملہ کے ارکان کی جانب سے طلبہ کے تیار کردہ بامعنی پلے کارڈز کے ساتھ واکتھون کا مظاہرہ کیا گیا۔ اسکول کی طالبات ارپنا بھاردواج، اریبہ نسیم اور سیدہ صوفیہ نے بالترتیب ہندی، انگریزی اور اردو میں تقاریر کیں۔ ڈاکٹر ایم عالمگیر نے اس بات پر زور دیا کہ ایمانداری اور دیانتداری کامیاب زندگی کی کلید ہے۔ پروگرام کا اہتمام اسکول کی کلچرل کوآرڈینیٹر فرزانہ نذیر نے کیا۔