اے ایم یو میں دو روزہ پھولوں کی نمائش کا آغاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-12-2021
اے ایم یو میں دو روزہ پھولوں کی نمائش کا آغاز
اے ایم یو میں دو روزہ پھولوں کی نمائش کا آغاز

 


علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے لینڈ اینڈ گارڈن شعبہ کی جانب سے آج گلستانِ سید میں کرائسنتھیمم، کولیئس اور گلاب کے پھولوں کی دو روزہ نمائش کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسرطارق منصور نے کیا۔ نمائش میں سات مختلف زمروں میں پھولوں کو شامل کیا گیا ہے۔

لینڈ اینڈگارڈن شعبہ کے ممبر انچارج پروفیسر ذکی احمد صدیقی نے بتایا کہ اے زمرہ میں گلابوں کی 63/انٹریز اور بی زمرہ میں گملوں میں سجائے پھولوں کی 76/انٹریز ہیں۔

سی زمرہ میں کولیئس کی 227 مختلف قسمیں ہیں جب کہ ڈی زمرہ میں مشرقی ایشیا اور شمال مشرقی یوروپی خطہ سے تعلق رکھنے والے 90/کرائسنتھیمم شامل ہیں۔

ای اور ایف زمرہ میں بالترتیب کنگ آف شو اور کوئن آف شو کی 101/انٹریز، اور جی زمرہ میں آرائشی پھولوں کی 224 /انٹریز شامل ہیں۔ مجموعی طور سے پھولوں کی 781/انٹریز نمائش میں شامل ہیں۔

وائس چانسلر لاج، پرو وائس چانسلر لاج، رجسٹرار لاج، ایڈمنسٹریٹیو بلاک، وی جی نرسری، سرسید ہاؤس، ایس ایس ہال مسجد، ایس ایس ہال ساؤتھ، گیسٹ ہاؤس نمبر ایک، دو اور تین، شعبہ کیمسٹری، شعبہ دینیات، زیڈ ایچ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، کینیڈی ہال، گلستان سید، البرکات پبلک اسکول، بیگم عزیز النساء ہال، آئی جی ہال اور نازیہ (نوئیڈا) نمائش کے شرکاء ہیں۔

افتتاحی تقریب میں نامور ماہر امراض اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق، پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن)، پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این میڈیکل کالج)، پروفیسر رئیس احمد (ڈین، فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنس)، پروفیسر ایم وسیم علی (پراکٹر)، پروفیسر ارشاد محمود (اعزازی ایڈوائزر، شعبہ لینڈ اینڈ گارڈن) اور ڈاکٹر طارق آفتاب (ایسوسی ایٹ ممبر انچارج، لینڈ اینڈ گارڈن) موجود تھے۔

نمائش کا اختتام 19/ دسمبر کو سہ پہر تین بجے تقسیم انعامات کی تقریب کے ساتھ ہوگا، جبکہ گملوں کے پودے اور پھول 20 /دسمبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے تک خریدے جاسکیں گے۔(پریس ریلیز)