اے ایم یو: تین سالہ بچی عائشہ سنگھ کی نادر سرجری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
اے ایم یو: تین سالہ بچی عائشہ سنگھ کی نادر سرجری
اے ایم یو: تین سالہ بچی عائشہ سنگھ کی نادر سرجری

 

 

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹروں نے راشٹریہ بال سواستھ کاریہ کرم (آر بی ایس کے) کے تحت ایک تین سالہ بچی کے دل کا کامیاب آپریشن کرکے اسے نئی زندگی دی ہے۔

تین سالہ بچی عائشہ سنگھ کی جلد نیلی رہتی تھی اور کھانا کھلانے کے درمیان تیز سانس لینے سے وہ تھک جاتی تھی، بہت زیادہ پسینہ نکلتا تھا اور اس کا وزن نہیں بڑھ رہا تھا۔ بچی کے دل کے والو میں پیدائش سے ہی نقص تھا۔

جے این ایم سی میں چھ گھنٹے کی طویل سرجری سے گزرنے کے بعد بچی کی حالت مستحکم ہوگئی ہے۔ بارہ بنکی، اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے بچی کے والدین نے کہا ”ہم بچی کو سب سے پہلے نجی اسپتالوں میں لے کر گئے جہاں فیس بہت زیادہ تھی۔ بعد میں کچھ سرکاری اسپتالوں میں گئے جہاں طویل انتظار کرنا پڑ رہا تھا۔ جے این ایم سی میں کامیاب سرجری نے ہماری اکلوتی بچی کو نئی زندگی عطا کی ہے“۔

پروفیسر محمد اعظم حسین (چیئرمین، شعبہ کارڈیوتھوراسک سرجری) نے بتایا کہ ڈاکٹر مینک یادو، ڈاکٹر شمائل ربانی اور ڈاکٹر سرتاج گرو نے بچی کی بڑی شریانوں کی کامیابی سے مرمت کی جو دل میں سوراخ اور پلمونری والو کی اسٹینوسس کے ساتھ الٹی ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہاکہ جے این ایم سی میں سرجنوں، ڈاکٹروں اور بچوں کے امراض قلب کے ماہرین کی ٹیم نے دل کی پیدائشی بیماری کی متعدد کامیاب سرجری کی ہے۔ ان میں سے بہت سے ایسے بچے ہیں جو آر بی ایس کے اسکیم سے براہ راست مستفید ہوئے ہیں اور ان کی مفت سرجری ہوئی ہے۔

ڈاکٹر مینک یادو اور ڈاکٹر شمائل ربانی نے کہا کہ جے این ایم سی میں دل کے بہت سے پیچیدہ نقائص کا علاج کیا گیا ہے، جن میں کچھ انتہائی نایاب اور مشکل کیس بھی شامل ہیں۔ آر بی ایس کے اسکیم کے تحت 300 سے زائد مفت کارڈیک سرجری کی گئی ہے۔ ڈاکٹر شاد عبقری (نوڈل آفیسر، انٹر ڈپارٹمنٹل پیڈیاٹرک کارڈیک سنٹر- آئی پی سی سی) اور ان کے ساتھی ڈاکٹر معاذ قدوائی نے ڈسٹرکٹ ارلی انٹرونشن سنٹر سے ریفر ہونے کے بعد بچی کی تشخیص کی۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا ”جے این ایم سی کے ڈاکٹروں نے بالغ مریضوں کے ساتھ ساتھ پیدائش سے دل کے امراض میں مبتلا بچوں کا کامیاب علاج کیا ہے۔ میں اپنے ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون عملے کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان مریضوں کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا“۔

پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) اور پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہاکہ جے این ایم سی میں سرجری سے گزرنے والے زیادہ تر بچے غریب خاندانوں سے ہیں اور حکومت ہند کی آر بی ایس کے اسکیم کے تحت مفت سرجری ان کے لئے بہت بڑی راحت ہے۔

مذکورہ آپریشن کے دوران ڈاکٹر دیپتی چنّا کارڈیک اینستھیٹسٹ تھیں۔ ڈاکٹر صابر علی خان نے مریض کی پرفیوژن ا سٹیٹس کا بندوبست کیا۔

ماہر امراض اطفال ڈاکٹر فروغ اور ڈاکٹر اسماء نے آپریشن کے بعد بچی کی طبی نگہداشت کی، جب کہ ڈاکٹر مہتاب احمد نے کارڈیک سی ٹی کیا۔