حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ نے لی ویکسین ۔ حج کےلئے سخت ضابطوں کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-03-2021
امام کعبہ
امام کعبہ

 

 

ریاض : حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لی۔۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔ ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن السدیس کو کنگ عبد اللہ میڈیکل سٹی میں پہلا انجکشن لگایا گیا۔ اس موقع پر انہوں  نے عوام کو پیغام دیا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔

شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارت صحت کے عملے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مملکت کے شہریوں اور تمام غیر ملکیوں کے لیے کورونا ویکسین کا مفت انتظام کیا ہے، یہ بات بذات خود اس چیز کی علامت ہے کہ خادم حرمین شریفین کی حکومت صحت عامہ کو کس قدر ترجیح دے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف جنگ کورونا ویکسین لگوا کر جیتی جاسکتی ہے۔


ویکسین سے روزہ باطل نہیں ہوگا

 قبل ازیں سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز بن عبداللہ آل شیخ نے فتویٰ دیا تھا کہ روزہ کی حالت میں کورونا ویکسین لگوانا جائز ہے۔مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ ویکیسن لگوانے سے روزہ باطل نہیں ہو گا، کورونا ویکسین عضلاتی طور پر لگائی جاتی ہے اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

حج 2021 کے لیے قواعد و ضوابط جاری

سعودی وزارت صحت نے عازمین کے لیے منظور شدہ کرونا ویکسین کی شرط لگا دی ہے۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو کرونا ویکسین ذوالحجہ سے قبل لگوانی لازمی ہوگی، عازمین ذوالحجہ سے قبل کرونا ویکسی نیشن کرائیں۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عازمین کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ ہوگا، اور عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین لگانے کا مصدقہ ثبوت دینا ہوگا، جس میں یہ وضاحت کی گئی ہو کہ مملکت آمد سے 2 ہفتے پہلے ویکسین لگائی گئی ہے۔

حج سیزن میں کام کرنے والے منظور شدہ ویکسین کی خوراک حاصل کر چکے ہوں، اور حج سیزن میں ورکرز مستقل طور پر ماسک لگانے کے پابند ہوں گے۔ وزارت صحت نے اعلامیے میں کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، جب کہ مملکت سعودی عرب میں پہنچنے والے عازمین حج کو 72 گھنٹے کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا۔ 48 گھنٹے بعد مقررہ و منظور شدہ فیلڈ سروس ٹیمیں عازمین کا دوبارہ ٹیسٹ کریں گی، ذوالحجہ سے قبل مکہ، مدینہ میں 60 فی صد تک مقررہ عمر کے افراد کی ویکسی نیشن ہوگی۔