دہلی حکومت سائنس کے طلباء کو مفت کوچنگ کرائے گی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
دہلی حکومت سائنس کے طلباء کو مفت کوچنگ کرائے گی
دہلی حکومت سائنس کے طلباء کو مفت کوچنگ کرائے گی

 

 

نئی دہلی:دہلی کے سرکاری اسکولوں میں انجینئرنگ، میڈیکل اور دیگر تکنیکی شعبوں میں کیریئر بنانے کے خواہشمند بچوں کو اب داخلہ امتحان کی تیاری کے لیے ماہرین کی طرف سے مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی۔

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے کہا کہ بہت سے بچوں کا یہ خواب ہوتا ہے کہ وہ بہترین میڈیکل یا انجینئرنگ اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور ڈاکٹر-انجینئر بنیں لیکن ان کے والدین کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کی مہنگی فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں۔

کچھ خاندان اس خواب کو پورا کرنے کے لیے اپنا پیٹ کاٹ کر بھی بچوں کے داخلہ امتحانات کی کوچنگ کے لیے مہنگی فیس ادا کرتے ہیں، لیکن دہلی کے تناظر میں یہ تصویر بدل رہی ہے۔

وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قیادت میں اب دہلی کے سرکاری اسکولوں میں سائنس کے مضامین میں پڑھنے والے بچوں کو ماہرین کے ذریعہ نیٹ، جے ای ای، پیرامیڈیکل اور دیگر تکنیکی شعبوں کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے داخلہ امتحانات کی تیاری کے لیے مفت کوچنگ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس قدم سے دہلی کے سرکاری اسکولوں میں اب ہزاروں کی تعداد میں مستقبل کے ڈاکٹر، انجینئر، سائنس داں، اسٹیم ایکسپرٹ وغیرہ تیار ہوں گے، جو پوری دنیا میں ہندوستان کا نام روشن کریں گے۔

دہلی حکومت سائنس اور ٹیکنالوجی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع تک مساوی رسائی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور یہ مفت کوچنگ پروگرام اس سمت میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس وقت دہلی کے سرکاری اسکولوں میں 11ویں، 12ویں کلاس میں 30 ہزار سے زیادہ بچے سائنس اسٹریم میں رجسٹرڈ ہیں۔ فری ٹیسٹ پریپیشن پروگرام ان اسٹوڈنٹ کو انجینئرنگ، ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس، فارمیسی، نرسنگ، پیرامیڈیکل کورسز، تحقیقی پروگرام اور ٹیچنگ ڈگری سے لے کر اسٹیم میں ٹاپ گریجویٹ پروگرام اور ڈپلومہ کورسز میں داخلہ لینے میں مدد کرے گا۔

قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں دہلی حکومت کی شراکت دار’اونتی فیلوز‘ اس شعبے میں گزشتہ 11 برسوں سےکام کر رہی ہے اور اسٹیم ایجوکیشن کو فروغ دینے کے لیے کئی ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ (ایجنسی)