مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے اردو میں بھی ٹیسٹ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 22-03-2022
مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے اردو میں بھی ٹیسٹ
مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے اردو میں بھی ٹیسٹ

 

 

نئی دہلی: مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے اب ایک کامن ٹیسٹ ہوگا۔ یہ امتحان ہندوستان کی متعدد زبانوں میں ہوگا جن میں اردو بھی شامل ہے۔

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے چیئرمین ایم جگدیش کمار نے کہا کہ مرکزی یونیورسٹیوں کو انڈرگریجویٹ کورسز میں طلباء کے داخلے کے لیے یونیورسٹی جوائنٹ انٹرینس ٹیسٹ (سی یوای ٹی) میں حاصل کردہ نمبروں کا استعمال کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سی یوای ٹی کا انعقاد جولائی کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔

اس کا مطلب ہے کہ 12ویں جماعت میں حاصل کردہ نمبر مختلف یونیورسٹیوں کے اہلیت کے معیار کے علاوہ طلباء کے داخلے پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران، کمار نے کہا، "سال 2022-23 تعلیمی سال سے، قومی امتحانی ایجنسی انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز کے لیےسی یوای ٹی کا اہتمام کرے گی۔ تمام مرکزی یونیورسٹیوں کو اپنے کورسز میں داخلے کے لیے سی یوای ٹی میں حاصل کردہ نمبروں پر غور کرنا ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ 45 مرکزی یونیورسٹیوں کو یو جی سی سے مالی مدد ملتی ہے۔

کمار نے کہا کہ سی یوای ٹی کا نصاب این سی ای آرٹی کے 12ویں کلاس کے نصاب سے ملتا جلتا ہوگا۔سی یوای ٹی میں سیکشن-1اے، سیکشن-1بی، عام امتحان اور کورس کے مخصوص مضامین ہوں گے۔ سیکشن 1 اے لازمی ہوگا جو 13 زبانوں میں ہوگا اور امیدوار اپنی پسند کی زبان کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

کمار نے کہا کہ طلباء کے پاس انگریزی، ہندی، آسامی، بنگالی، گجراتی، کنڑ، ملیالم، مراٹھی، اوڈیا، پنجابی، تامل، تیلگو اور اردو کا اختیار ہوگا۔ یو جی سی صدر نے کہا کہ سی یوای ٹی کا یونیورسٹیوں کی ریزرویشن پالیسی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی یوای ٹی کے بعد کوئی مرکزی کونسلنگ نہیں کی جائے گی۔