اے ایم یو کے مختلف شعبوں میں سوچھتا پکھواڑہ کا اہتمام

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-09-2021
 اے ایم یو کے مختلف شعبوں میں سوچھتا پکھواڑہ کا اہتمام
اے ایم یو کے مختلف شعبوں میں سوچھتا پکھواڑہ کا اہتمام

 

 

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مختلف شعبوں، فیکلٹیوں، دفاتر اور اسکولوں میں سوچھتا پکھواڑہ منایا گیا جس کے تحت احاطہ میں صفائی و شجرکاری کی گئی اور سوچھتا سے متعلق امور کے سلسلہ میں عوامی بیداری پر زور دیا گیا۔

ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے اساتذہ، طلبہ اور ملازمین نے سال میں سو گھنٹے صفائی کے لئے وقف کرنے کا عزم کیا۔

پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے کہا کہ اس موقع پر کالج احاطہ میں پودے لگائے گئے اور ’بیسٹ آؤٹ آف ویسٹ‘ عنوان سے ایک مقابلہ کا اہتمام کیا گیا جس کے شرکاء نے فاضل و بے مصرف اشیاء کی ری سائیکلنگ کرکے ان سے کارآمد چیزیں بنانے کے سلسلہ میں اپنے خیالات پیش کئے۔ بی ڈی ایس کے طلبہ کے لئے مختصر تقریر، پوسٹر سازی، سلوگن رائٹنگ کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے۔

سالِ اوّل کے طلبہ نے ’سوچھتا‘ کے موضوع پر، سالِ دوئم وسوئم کے طلبہ نے پانی و جنگلات کے تحفظ پر اور سالِ آخر کے طلبہ نے کچن کے بندوبست، بچنے والے کھانے کے بندوبست اور صفائی پر اپنے خیالات پیش کئے۔

ڈاکٹر افشاں بے، ڈاکٹر اشوک کمار، ڈاکٹر دِوّیا شرما، ڈاکٹر پردومن ورما، ڈاکٹر شردھا راٹھی، ڈاکٹر ارباب، ڈاکٹر اسد اللہ، ڈاکٹر نصیر صلاتی اور ڈاکٹر جوہی گپتا نے صفائی کے موضوعات پر اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر این ڈی گپتا نے اظہار تشکر کیا۔

ڈاکٹر نیہا گپتا نے پروگرام کوآرڈنیٹ کیا۔

سوچھتا پکھواڑہ کے تحت شعبہ نباتیات میں صدر شعبہ پروفیسر غزالہ پروین نے اساتذہ، طلبہ و ملازمین کو سوچھ بھارت مشن کی ترویج اور صفائی کے بندوبست کے لئے حلف دلایا۔

اس موقع پر پانی کے تحفظ کی اہمیت اور آبی وسائل کے منصفانہ استعمال کے موضوع پر ہوئے تقریری مقابلہ میں زہرہ اسد نے اوّل انعام، فضل امام نے دوئم اور شفق عثمانی نے سوئم انعام حاصل کیا۔ جویریہ زیدی اور صبا فاطمہ کو حوصلہ افزائی انعام سے نوازا گیا

۔ ’جنگلات کی ضرورت و اہمیت‘ پر پوسٹر سازی مقابلہ ادیبہ خانم نے جیتا۔ سربھی سنگھ نے دوئم اور عائشہ آصف نے دوئم انعام جیتا، جب کہ انم عثمانی اور سوربھ کپور نے حوصلہ افزائی انعام حاصل کیا۔

پلاسٹک کے مضر اثرات پر مضمون نویسی مقابلہ انجم شاہین نے جیتا، جب کہ الفیہ نسیم اور فضل امام نے بالترتیب دوئم و سوئم انعام حاصل کیا۔ ایمن حسنین اور عندلیب انجم کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔ اس موقع پر صفائی اور شجرکاری بھی کی گئی۔

بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ (فرینک اینڈ ڈیبی اسلام مینجمنٹ کامپلکس) میں منعقدہ سوچھتا پکھواڑہ میں پروفیسر خالد اعظم نے حاضرین کو سوچھتا حلف دلایا۔ پروفیسر جمال اے فاروقی (ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ و چیئرپرسن، بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ) نے بتایا کہ پروفیسر خالد اعظم، پروفیسر سلمیٰ احمد، پروفیسر عائشہ فاروق اور دیگر اساتذہ نے اشوک کے پودے لگائے گئے۔

اربن ہیلتھ ٹریننگ سنٹر، قلعہ روڈ اور رورل ہیلتھ ٹریننگ سنٹر جواں میں سوچھتا پکھواڑہ کا اہتمام کیا گیا اور حاضرین کو درختوں کی ضرورت و اہمیت اور ان کے تحفظ کے سلسلہ میں بیدار کیا گیا۔

کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے سربراہ پروفیسر انیس احمد نے بتایا کہ حاضرین کو سوچھتا کا حلف دلایا گیا، اشوک کے پودے لگائے گئے اور دونوں سنٹروں پر صفائی کی گئی۔

ڈاکٹر ارم عابد، ڈاکٹر زبیر شمسی، ڈاکٹر اسماء آفتاب،ڈاکٹر اسرا ثاقب، ڈاکٹر شائستہ پروین اور ڈاکٹر حرا عالم نے سوچھتا، مچھروں سے بچاؤ، ویسٹ مینجمنٹ، جسمانی صفائی وغیرہ کے مختلف پہلوؤں پر تقریریں کیں۔

پانی و جنگلات کے تحفظ اور سنگل یوز پلاسٹک پر مکمل پابندی کے موضوعات پر طلبہ نے سلوگن لکھے۔

اربن ہیلتھ ٹریننگ سنٹر پر 2016 بیچ کے انٹرن نے صفائی و نظافت پر سلوگن لکھے اور مباحثہ میں حصہ لیا۔

پی جی کے طلبہ نے بھی پروگرام میں اپنی سرگرمی دکھائی۔پانی، جنگلات و ماحولیات کے تحفظ پر پوسٹر بھی بنائے گئے۔

اس کے علاوہ سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کی وکالت کی گئی۔ لائبریری و انفارمیشن سائنس شعبہ میں اساتذہ، طلبہ و ملازمین نے سوچھتا مہم میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ صدر شعبہ پروفیسر نشاط فاطمہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ صفائی روزمرہ کی زندگی کا حصہ ہونا چاہئے۔ جسمانی و گھریلو صفائی کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحولیاتی نظام کی صفائی اور سبزہ پر بھی دھیان دینا ہوگا۔

سنٹر فار ڈسٹینس اینڈ آن لائن لرننگ میں سوچھتا حلف لیا گیا۔ سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر ایم نفیس احمد انصاری نے بتایا کہ تدریسی و غیرتدریسی عملہ نے رضاکارانہ طور سے سال میں سو گھنٹے صفائی کے نام وقف کرنے کا عہد کیا۔

سید حامد سینئر سکنڈری اسکول بوائز میں اسکول ایجوکیشن کے ڈائرکٹر پروفیسر اصفر علی خاں نے صفائی اور ماحولیات کی بہتری کے لئے جامع نقطہ نظر اپنانے پر زور دیا۔ ڈپٹی ڈائرکٹر پروفیسر عابد علی خاں نے اسکول میں شجرکاری مہم کو سراہا۔ پرنسپل ڈاکٹر ایس ایم مصطفیٰ نے طلبہ و حاضرین سے کہاکہ ہر فرد کو ایک پودا لگانے کا عزم کرنا چاہئے۔

سوچھتا پکھواڑہ کے تحت آفتاب ہال کے مختلف ہاسٹلوں اور پرووسٹ دفتر میں صفائی کی گئی اور پودے لگائے گئے۔ پرووسٹ مسٹر سلمان خلیل نے بتایا کہ اس موقع پر سوچھتا حلف لیا گیا اور آن لائن پوسٹر سازی، تقریر، سلوگن رائٹنگ اور فاضل اشیاء کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کے مقابلے منعقد کئے گئے۔

طلبہ نے آن لائن ڈبیٹ میں حصہ لیا اور سوچھتا آڈٹ کی ضرورت اجاگر کی۔ بیگم عزیز النساء ہال میں پندرہ روزہ سوچھتا پکھواڑہ کے تحت شجرکاری کی گئی۔ پرووسٹ پروفیسر صبوحی خان نے بتایا کہ سوچھتا حلف لیا گیا جس کے توسط سے سبھی کو اس بات کی تلقین کی گئی کہ وہ یونیورسٹی اور دیگر مقامات پر صفائی کا اہتمام کریں اور پودے لگائیں۔

شعبہ علم الادویہ میں سوچھتا پکھواڑہ پر صدر شعبہ ڈاکٹر عبدالروؤف نے سوچھتا کا حلف دلایا۔ اس موقع پر شجرکاری کی گئی۔

اس کے علاوہ سلوگن رائٹنگ، پوسٹر سازی اور ڈبیٹ مقابلہ بھی منعقد کیا گیا۔ طبقات الارض شعبہ میں پروفیسر اکرم جاوید (کنوینر)، ڈاکٹر عبداللہ خاں، ڈاکٹر تقویم اے خاں، ڈاکٹر اظہار احمد اور ڈاکٹر طارق صدیقی پر مشتمل ’سوچھتا آڈٹ‘ کمیٹی نے شعبہ کے احاطہ میں لیب، کلاس روم، سیمینار لائبریری، میوزیم، جیولوجیکل پارک، لان اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا اور صفائی کا جائزہ لیا۔ صدر شعبہ پروفیسر کنور فراہیم خاں نے سوچھتا کا حلف دلایا۔

اسی طرح سول انجینئرنگ شعبہ میں سوچھتا پکھواڑہ کے تحت پروفیسر محمد مسرور عالم کی نگرانی میں تعمیراتی فضلہ کے دوبارہ استعمال اور ری سائیکلنگ کے تصور پر عمل کرتے ہوئے مختلف سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ صدر شعبہ پروفیسر عبدالباقی نے بتایا کہ اس تصور کے تحت نشیبی زمین کو پُر کرنے کے لئے تعمیراتی فضلہ کو جمع کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔

بیگم سلطان جہاں ہال کے مختلف ہاسٹلوں اور دفاتر میں سوچھتا پکھواڑہ کے تحت صفائی کی گئی۔ پرووسٹ پروفیسر سائرہ مہناز نے وارڈن اور عملہ کے اراکین کو سوچھتا کا حلف دلایا۔ یونیورسٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی جعفر عابدی نے بیگم سلطان جہاں ہال میں پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔

سرسید ہال ساؤتھ میں پرووسٹ پروفیسر بدرالدجیٰ خاں، پروفیسر شگفتہ علیم (پرنسپل، اجمل خاں طبیہ کالج) اور پروفیسر ایف ایس شیرانی (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) نے ہاسٹل وارڈنوں اور عملہ کے ساتھ پودے لگائے۔

تحفظی و سماجی طب شعبہ کے ڈاکٹر عبدالعزیز خاں نے ’وبا کے دوران ہاتھوں کی صفائی کی اہمیت‘ کے موضوع پر آن لائن خطبہ دیا۔ شعبہ دماغی امراض میں صدر شعبہ پروفیسر سہیل احمد اعظمی نے حاضرین کو سوچھتا کا حلف دلایا۔

اس موقع پر ڈاکٹر دیب شری اکھوری، ڈاکٹر محمد ریاض الدین اور ڈاکٹر شرون کمار نے دیگر اساتذہ اور غیرتدریسی اراکین کے ساتھ شعبہ کے احاطہ میں پودے لگائے۔ صفائی کی اہمیت پر سلوگن رائٹنگ کا ایک مقابلہ بھی منعقد کیا گیا۔