پروفیسر سید مبشر یونس کے انتقال پر طلبہ اور رفقاء رنجیدہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
پروفیسر سید مبشر یونس کے انتقال پر طلبہ اور رفقاء رنجیدہ
پروفیسر سید مبشر یونس کے انتقال پر طلبہ اور رفقاء رنجیدہ

 

 

علی گڑھ، : جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اناٹومی کے سینئر فیکلٹی ممبر اور ہادی حسن ہال کے پرووسٹ پروفیسر سید مبشر یونس کا آج صبح اچانک انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 59 سال تھی۔ یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹو بلاک میں منعقدہ ایک تعزیتی اجلاس میں انھیں شایان شان خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ جلسہ کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کی۔

اس دوران دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ پروفیسر منصور نے کہا ”میں پروفیسر مبشر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں، اور مرحوم کے لئے دعاگو ہوں۔ اللہ ان کے عزیزوں اور چاہنے والوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے“۔ پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) نے کہا، ”پروفیسر مبشر نے بہت سی زندگیوں کو متاثر کیا، بے شمار لوگوں کی مدد کی اور ان کی رہنمائی کی۔ وہ ایک مثالی ڈاکٹر اور انسان تھے جنہوں نے جے این ایم سی میں گرانقدر خدمات انجام دیں“۔

پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا ”پروفیسر مبشر میڈیکل کالج کے ایک مہربان، نرم اور خوش گفتار انسان تھے۔ مجھے یہ افسوسناک خبر سن کر بہت دکھ ہواہے“۔ پروفیسر فرحان کرمانی (چیئرمین، شعبہ اناٹومی) نے کہا: ”پروفیسر مبشر نے ہمیشہ اپنے علم اور تجربہ سے کلاس روم کو ایک خوشگوار جگہ بنایا۔ ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔ اے ایم یو کے اساتذہ اور طلباء ان کی یادوں کو زندہ رکھیں گے“۔ پروفیسر مبشر، نیورو اناٹومی اور مائکرواسکوپک اناٹومی پڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ انہوں نے معیاری رسائل جیسے سیلز ٹشوز اینڈ آرگنز، ڈیولپمنٹل نیورو سائنس اور انٹرنیشنل جرنل آف نیورو سائنس، نینو میڈیسن، پی ایل او ایس ون، انٹرنیشنل جرنل آف نینو میڈیسن، ایشین پیسیفک جرنل آف ٹراپیکل میڈیسن، انٹرنیشنل جرنل آف اپلائیڈ بایولوجی اینڈ فارماسیوٹیکل ٹکنالوجی، تجرباتی اور ٹاکسولوجک پیتھالوجی، اپلائیڈ مائیکرو بایولوجی اور بایوٹکنالوجی اور بائیوکیمی وغیرہ میں تحقیقی مقالے لکھے۔

وہ 1995 میں جے این ایم سی میں سینئر ریزیڈنٹ مقرر ہوئے اور اس کے بعد انھیں بالترتیب 1997، 2003 اور 2009 میں لیکچرر، ریڈر اور پروفیسر کے عہدوں پر ترقی ملی۔ پروفیسر مبشر نے جے ایل این ایم سی ایچ، بھاگلپور سے ایم بی بی ایس اور جے این ایم سی، اے ایم یو سے ایم ایس (اناٹومی) کیا تھا۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ پروفیسر فریدہ احمد (فیکلٹی ممبر، شعبہ فارماکولوجی، جے این ایم سی)، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہیں۔