اسپرنگر نے اے ایم یو ٹیچر کی مرتب شدہ کتاب شائع کی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-08-2021
جواہر لال نہرو میڈیکل کالج
جواہر لال نہرو میڈیکل کالج

 


آواز دی وائس، علی گڑھ

 علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے نیورو سرجری شعبہ میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احمد انصاری کی تدوین کردہ کتاب 'سیربرو ویسکولر بیماریوں کے انتظام میں حالیہ پیش رفت' حال ہی میں اسپرنگر نیچر نے شائع کی ہے۔

ڈاکٹر احمد انصاری نے ڈاکٹر یوکو کاٹو (فوجیتا ہیلتھ یونیورسٹی بینٹین ہسپتال، ناگویا، جاپان)، ڈاکٹر شیاوہوا ژانگ اور ژیونگ ڈائی (شنگھائی جیاٹونگ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن، شنگھائی، چین) کے تعاون سے اس کتاب کی تدوین کی ہے۔

ڈاکٹر احمد انصاری نے کہا کہ میڈیکل کے طلباء، معالجین اور سائنسداں بنیادی نظام، فزیالوجی، پیتھو فزیولوجی، اور سیریبرو ویسکولر سرجری سے متعلق طبی مسائل سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے ایک آسان اور قابل اعتماد حوالہ کی تلاش میں تھے۔ اس کتاب میں ان تمام موضوعات کو آسان طریقے سے بیان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں بنیادی موضوعات سے لے کر سرجیکل پہلوؤں تک تما م بنیادی موضوعات اور دماغی سرجری کے عمومی مسائل شامل ہیں۔ یہ کووڈ کے تناظر میں نیورو سرجیکل پہلو پر بھی روشنی ڈالتا ہے۔

پروفیسر ایم ایف ہدیٰ (چیئرمین، نیورو سرجری ڈپارٹمنٹ) نے کہا کہ اس کتاب میں مثال کے طور پر کیس اسٹڈیز، علاج کی حکمت عملی اور تراکیب شامل ہیں تاکہ قارئین کی رہنمائی کی جا سکے کہ سرجری کے دوران خراب حالات سے کیسے بچا جائے۔

اس انتہائی مفید اشاعت کے لیے ڈاکٹر احمد کو مبارکباد دیتے ہوئے پروفیسر آر ایم شرما اور تابش خان نے کہا کہ یہ کتاب طبی میدان میں ہونے والی بہت سی تبدیلیوں اور ترقیات کو جامع انداز میں پیش کرتی ہے۔