جامعہ ملیہ:آرسی اے کے 16طلبا یو پی پی ایس سی امتحان میں کامیاب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
جامعہ ملیہ:آرسی اے کے 16طلبا یو پی پی ایس سی امتحان میں کامیاب
جامعہ ملیہ:آرسی اے کے 16طلبا یو پی پی ایس سی امتحان میں کامیاب

 

 

نئی دہلی :  جامعہ ملیہ اسلامیہ کی مشہور ومعروف رہائشی کوچنگ اکیڈمی (آرسی اے) سینٹر فار کوچنگ اینڈ کیئریر پلاننگ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سولہ امیدواروں نے اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یو پی پی ایس سی)۔دوہزار اکیس کا امتحان پا س کرلیا ہے۔ان کے علاوہ اکیڈمی کے دو امیدواریوپی ایس سی  سی ایس ای دوہزار اکیس میں محفوظ فہرست سے منتخب ہوئے ہیں اور ایک امیدوار اوڈیشہ سول سروسز امتحان میں کامیاب ہوا ہے۔

جامعہ رہائشی کوچنگ کے طلبا کی اس شاندا ر کامیابی پر پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے فخر و انبساط کا اظہا رکرتے ہوئے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مظاہرہ اور بھی بہتر ہوگا۔

شیخ الجامعہ کی قیادت اور ان کی رہنمائی میں آر سی اے نے ملک کے طول وعرض میں سول سروسز کی تیاری  کے خواہاں طلبا کے لیے کل ہند انٹرنس ٹسٹ منعقد کرایا تھا۔اس کے مطابق اس سیشن کے لیے بہترین باصلاحیت نوجوانوں کو ایک گروپ منتخب ہوچکا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آرسی اے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کی سنچیتا شرمانے گزشتہ سال یو پی پی ایس سی دوہزار بیس۔پی سی ایس میں اول مقام حاصل کیا تھا۔

آر سی اے،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انتظامیہ اور عہدیداران پُر امید ہیں کہ سول سروسز کے مختلف مرحلوں کی تیاری کے لیے اکیڈمی میں سازگار ماحول اور نئے اکیڈمک کونسلرز کی تقرری سے آگے بھی طلبا سول سروسز امتحانات میں بہتر مظاہرہ کریں گے۔تیاری کے مرحلے میں کونسلنگ پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے تا کہ امیدوار کی دماغی صحت کی بہتری کو یقینی بنایا جاسکے۔