شیرعلی:بھیک مانگ کرپڑھائی کی، بھوکاسویا، دسویں کا امتحان فرسٹ ڈویزن سے پاس کیا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-06-2022
شیرعلی:بھیک مانگ کرپڑھائی کی، بھوکاسویا، دسویں کا امتحان فرسٹ ڈویزن سے پاس کیا
شیرعلی:بھیک مانگ کرپڑھائی کی، بھوکاسویا، دسویں کا امتحان فرسٹ ڈویزن سے پاس کیا

 

 

آگرہ: 17 سالہ شیر علی اپنے والدین اور دیگر آٹھ بہن بھائیوں کے ساتھ 8 بائی 8 کی جھونپڑی میں رہتا ہے۔ اس کی بستی میں بجلی نہیں ہے۔ علی نے اپنی روزمرہ کی مشکلات سے نبردآزما ہوتے ہوئے سڑکوں پر بھیک مانگ کر اور کچرا اٹھا کر اپنی تعلیم کی فیس ادا کی۔

یوپی بورڈ کے نتائج نے اس کی آنکھوں میں ایک خواب پیدا کیا ہے، جہاں اس نے ہائی اسکول کا امتحان فرسٹ ڈویژن میں 63 فیصد نمبروں کے ساتھ پاس کیا ہے۔

تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں میڈل جیتنے والا شیرعلی اب اگنی ویر بن کر ملک کی خدمت کرنے کی خواہش رکھتاہے۔ شیر علی، دسویں جماعت اچھے نمبروں سے پاس کرنے کے بعد 40 خاندانوں پر مشتمل کچی آبادی کے لیے رول ماڈل بن گیا ہے۔

awaz

شیر علی کے والدین ناخواندہ ہیں، وہ آگرہ کے صدر علاقے میں سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے قریب ایک کچی بستی میں رہتے ہیں۔ محلے کے تمام بچے بھیک مانگنے اور کچرا اٹھانے کے کام میں مصروف ہیں۔

پوری بستی میں کسی نے ہائی اسکول تک تعلیم حاصل نہیں کی۔ شیر علی نے اپنی کامیابی کے لئے بچوں کے حقوق کے کارکن نریش پارس کو اپنی کامیابی کا سہرا دیا۔

اس نے کہا، “امتحان کے نتیجے نے مجھے اتنا اعتماد دیا ہے کہ میں اپنے اہداف کو بلند رکھ سکتا ہوں۔ اب میرا مقصد اگنی پتھ اسکیم کے ذریعے فوج میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنا ہے۔

علی نے انگریزی میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے، جہاں اس نے 100 میں سے 80 نمبر حاصل کیے۔

شیر علی کے والد رنگی علی نے کہا کہ 'میرے بیٹے نے تمام مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے ہائی اسکول کے امتحانات پاس کیے ہیں۔ اب وہ تمام بچوں کے لیے ایک تحریک بن چکے ہیں۔

ماں صاحبین نے بتایا کہ علی نے کئی بار خالی پیٹ پڑھائی کی ہے۔ اس نے کئی راتیں موم بتی کی روشنی میں پڑھتے اور جگ میں بھرے پانی سے پیٹ کی آگ بجھانے میں گزاری۔

کارکن پارس نے کہا، 'علی میں بہت زیادہ صلاحیت ہے۔ پڑھائی میں بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ اس نے کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں۔

علی نے ایتھلیٹس، ویٹ لفٹنگ سمیت کئی مقابلوں میں ضلع اور ریاستی سطح پر تمغے جیتے ہیں۔ میں نے علی کو تھیٹر اور رقص میں بھی ڈالا ہے۔

وہ تاج مہوتسو جیسے کئی پروگراموں میں ڈانس پرفارمنس بھی دیتا ہے۔ اب وہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت ٹریننگ لے کر فوج میں شامل ہونا چاہتا ہے۔