بنگال: اسکولوں کو فزیکل کلاسز کی مکمل فیس لینے کی اجازت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
اسکولوں کو 16 فروری سے فزیکل کلاسز کی مکمل فیس لینے کی اجازت
اسکولوں کو 16 فروری سے فزیکل کلاسز کی مکمل فیس لینے کی اجازت

 

 

آواز دی وائس، کولکاتہ

جمعہ کو کلکتہ ہائی کورٹ نے ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ اسکول فزیکل کلاسز میں واپسی پر اپنے قواعد کے مطابق فیس وصول کرسکتے ہیں۔

اس سے قبل 13 اکتوبر 2020 کو ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے اسکول ورچوئل موڈ میں ہیں اور فیسوں میں 20 فیصد جزوی کمی کا حکم دیا تھا۔

 ذرائع کے مطابق جسٹس آئی پی مکھرجی اور جسٹس موشومی بھٹاچاریہ نے والدین کی جانب سے فیس میں جزوی چھوٹ کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے اہم تبصرہ کیا ہے۔

 والدین نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور سیشن 2020-21 کی فیس میں جزوی چھوٹ کا مطالبہ کیا تھا۔ ہائی کورٹ کا ماننا ہے کہ کورونا کی وجہ سے مالی امداد کی صورت میں جزوی کٹوتی ہوئی تھی لیکن اب اسکول اپنے پرانے طرز پر واپس آ رہے ہیں اور اپنی پالیسی کے مطابق فیس لینے میں آزاد ہیں۔

اس کے ساتھ ہائی کورٹ نے اسکولوں سے پرانی فیسوں کی وصولی کی شرط بھی رکھی ہے۔

ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ طلبہ کو 28 فروری2022 تک آن لائن کلاسز کے دوران دی گئی جزوی چھوٹ کے مطابق فیس ادا کرنا ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ نجی اسکولوں کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ 31 مارچ 2022 تک یا اگلے احکامات تک فیسوں میں تاخیر کی صورت میں تعلیمی اداروں کی جانب سے کوئی تعزیری کارروائی نہیں کی جاسکتی۔