مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے رحمانی30 کا اپلیکیشن فارم ویب سائٹ پر دستیاب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-02-2022
 مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے رحمانی30 کا اپلیکیشن فارم ویب سائٹ پر دستیاب
مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے رحمانی30 کا اپلیکیشن فارم ویب سائٹ پر دستیاب

 


آواز دی وائس،پٹنہ

رحمانی پروگرام آف ایکسیلنس (رحمانی 30)نے نئے سیشن (24-2022)کے لئے اعلامیہ جاری کردیاہے۔مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے رحمانی30کا انٹرنس ٹیسٹ امسال کووڈکے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک بھرمیں مختلف مراکز پر منعقد ہوگا یا پھر آن لائن لیاجائے گا۔

درخواست دهندگان کو امتحان کی خبرٹیکسٹ مسیج،ای میل،اور ویب سائٹ کے ذریعے دی جائے گی۔ہرسال کی طرح اس سال بھی طلبہ کا انتخاب پورے ملک سے ہوگا۔ اس انٹرنس ٹیسٹ میں وہ مسلم اقلیت طلباء وطالبات حصہ لے سکیں گے جس نے امسال یعنی 2022 میں دسویں کلاس بورڈ کے امتحان میں شریک ہونگے۔ جس کے لیے انھیں آن لائن فارم بھرنا ہوگا۔فارم کی تفصیلات کے لیے اس ویب سائٹwww.rahmanimission.orgپرطلبہ وطالبات لاگ ان کریں۔

واضح رہے کہ کووڈ19 کی وجہ سے پورا ملک کئی دفعہ لاک ڈاؤن کی زد میں آیا۔نظام زندگی کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام بھی بری طرح متاثر ہوئے، ملک کے تمام ہوسٹل متعدد مرتبہ بند کیے گئے، جس کی زد میں رحمانی 30 کے طلبہ و طالبات بھی آئے، لیکن رحمانی پروگرام آف ایکسیلنس پہلے لاک ڈاؤن سے ہی تمام تر دشواریوں کے باوجود نہایت ہی احسن طریقے سے آن لائن کلاسیز چلاتا رہا۔

اور جب ماہ ستمبر اکتوبر میں انجینئرنگ اور میڈیکل کا ریزلٹ آیا تو اس نے محسوس ہی نہیں ہونے دیا کہ رحمانی30 کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب کووڈ19 کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔ کووڈ کے باوجود امسال رحمانی 30 کے انجنیئرنگ کے 68/ طلباء آئی آئی ٹی ایڈوانس میں کامیاب ہوئے اور جے ای ای مینس میں 185/ طلباء کامیاب ہوئے۔

جب کہ میڈیکل کے سوفیصد طلباء نییٹ (NEET) کے امتحان میں کامیاب ہوئے اور 61/بچوں کو گورنمنٹ میڈیکل سیٹ دستیاب ہوئی،اس سال کامرس میں 37 /طلباء نے آئی۔سی۔اے۔آی کامرس ویزارڈمیں کامیابی حاصل کرکے رحمانی پروگرام آف ایکسیلنس کی تاریخ میں ایک نیا باب جوڑاِ ان کامیابیوں کا اجمالی جائزہ www.rahmanimission.org پر موجود ہے۔

رحمانی 30 کا داخلہ امتحان اسٹیٹ بورڈ، سی بی ایس ای (CBSE) اور سی آئی ایس سی ای (CISCE)کے مشترکہ نصاب پر مبنی ہوگا۔ یہ سوالات ریاضی، فزکس، کیمسٹری، بایولوجی،سوشل سائنس، انگریزی زبان اور اسلامی معلومات پر مشتمل ہوگا، اس کے علاوہ مینٹل میتھ میٹکس اور ایٹی ٹیوڈ کے سوالات بھی ہونگے، خیال رہے کہ اس امتحان میں شرکت کے اہل صرف وہی طلباء وطالبات ہونگے جو امسال 2022 میں دسویں جماعت میں شریک ہیں۔

رحمانی 30 کا قیام 2008 میں مولانا محمد ولی رحمانی نے ابھیانند جی (سابق ڈی جی پی،بہار) کی اکیڈمک نگرانی میں کیا تھا۔ جس کا مقصد مسلم مائنورٹی کے طلباء و طالبات کو ملکی پیمانہ پر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرانا اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پہنچانا تھا۔ الحمد للہ رحمانی 30 کے بینر تلے مسلم طلباء و طالبات نے انجینئرنگ، میڈیکل اور کامرس کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

 مولانا احمد ولی فیصل رحمانی،ممبر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر، و سرپرست رحمانی 30 نے گذارش کی ہے کہ طلباء و طالبات، گارجین حضرات، اسکول کے ذمہ داران اور قوم کے دانشوران وائمہ کرام اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ یقینا یہ مسلم مائنورٹی کے لئے ایک بڑی کامیابی اور خوش آئند مستقبل کا ضامن ہے کہ مختلف سرکاری کمیٹیوں کی جانب سے تعلیمی اور اقتصادی طور پر پسماندہ قرار دیے جانے کے باوجود اس سماج کے طلباء و طالبات نے اجتماعی طور پر اعلٰی مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی کا پرچم بلند کرنا شروع کیا ہے۔

قوم کے درمیاں سے تعلیمی پسماندگی کو دور کرنا اور ایک تابناک مستقبل کے لئے مضبوط و مستحکم قدم اٹھانا ہم سب کا قومی و ملی فریضہ ہے۔