مولانا عمیر الصدیق ندوی ندوۃ العلماء کے ترجمان’تعمیر حیات’کا نائب مدیرمقرر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-11-2022
مولانا عمیر الصدیق ندوی ندوۃ العلماء کے ترجمان’تعمیر حیات’کا نائب مدیرمقرر
مولانا عمیر الصدیق ندوی ندوۃ العلماء کے ترجمان’تعمیر حیات’کا نائب مدیرمقرر

 

 

لکھنو:  ہندوستان کے مشہور عالم دین اور دارالعلوم ندوۃ العلما سینئر استاد مولانا عمیر الصدیق ندوی دریابادی کو ندوۃ العلماء کے ترجمان پندرہ روزہ'تعمیر حیات' کا نائب مدیر  مقرر کیا گیا ہے۔

مولانا عمیر الصدیق ندوی دریابادی دسمبر 1953ء میں دریاباد ضلع بارہ بنکی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی،۔

9سال کی عمر میں قرآن مجید حفظ کر لیا، تاج المساجد بھوپال میں عربی کی تعلیم حاصل کی اس کے بعد 173ء میں دارالعلوم ندوۃالعلماء میں داخلہ لیا اور وہاں سے 1975ء میں فارغ التحصیل ہوئے، دوران تعلیم تعمیر حیات کے شاہ معین الدین احمد ندوی نمبر کے لیے شاہ صاحب کے شذرات معارف پر ایک عمدہ مقالہ لکھا جسے علمی حلقوں کے علاوہ سید صباح الدین عبدارلرحمن صاحب نے خاص طور پر پسند کیا اور یہی مضمون سید صباح الدین صاحب اور دارالمصنفین سے تقریب کا اہم سبب بنا اور جنوری 1979ء میں بحیثیت رفیق دارالمصنفین میں ان کا تقرر عمل میں آیا۔

ان کا اصل موضوع تحقیق فقہائے اسلام کا تذکرہ ہے جس کی پہلی جلد فقہائے شافعیہ کے مفصل حالات پر1998ء میں شائع ہو چکی ہے، دوسری زیر ترتیب ہے، اس کے علاوہ اسلام اور مستشرقین سمینار میں پڑھے گئے متعدد مقالات کے صاف اور شستہ زبان میں ترجمے کیے جو تیسری اور چھٹی جلد میں شامل ہیں۔

مطلقہ عورت اور نان و نفقہ ان کی تصنیف ہے، ’’بابری مسجد‘‘ نامی ادارہ سے شائع کتاب میں اُن کا بڑا حصہ ہے۔ 2008ء میں نئے انتظام کے تحت دارالمصنفین کی مجلس انتظامیہ نے طے کیا کہ ’’مولانا عمیر الصدیق ندوی صاحب معارف کی ترتیب میں سکریٹری کی معاونت کرینگےاور معارف کے ٹائٹل کور پر سکریٹری کے ساتھ مولانا عمیر الصدیق صاحب کا نام لکھا جائے گا۔

 مطبوعات پر تبصرہ، وفیات، جونیئررفقا و اسکالر کی تربیت اور دارالمصنفین کے متعدد علمی منصوبوں جیسے ائمہ اربعہ کے مکاتب فکر کا مکمل و مفصل تذکرہ و جائزہ جو تقریباً5جلدوں پرمشتمل ہوگا، کی تکمیل اُن کے ذمہ ہے۔  متعدد علمی و تعلیمی اداروں دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، دارالعلوم تاج المساجد بھوپال، ریاض المدارس سرونج، مسلم پرسنل لا بورڈ اور فخرالدین علی احمد اکیڈمی لکھنؤ ، رابطۂ ادب اسلامی وغیرہ کے رُکن، انجمن ترقی اور اردو ہند کی مشرقی اترپردیش شاخ کے سرپرست ہیں۔

 اردو کی مجموعی خدمات پر اترپردیش اردو اکیڈمی نے 50ہزار پر مشتمل امتیاز علی عرشی ایوارڈ سے بھی انہیں نوازا۔ ملک میں علمی و ادبی سمیناروں میں وہ برابر شرکت کرتے رہتے ہیں۔ اسی طرح ریڈیو سے بھی اُن کی پچاس سے زیادہ تقریریں نشر ہو چکی ہیں اور نومبر2022ء میں15روزہ ‘‘تعمیر حیات” کے نائب مدیر مقرر کیے گئے۔