کولکتہ:ممتاز شاعر،ادیب اورصحافی قیصرشمیم کا انتقال

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
مرحوم قیصر شمیم
مرحوم قیصر شمیم

 

 

 کولکتہ:بنگال کے ممتاز شاعر، ادیب مترجم اور صحافی قیصر شمیم کا آج بروز جمعہ بتاریخ 03 ستمبر 2021ء انتقال ہوگیا۔ انا لله و انا الیه راجعون

 اس خبر نے اہل کولکتہ کو غمزدہ کردیا ہے۔مرحوم تقریبا پندرہ دنوں سے شدید علیل تھے۔ انھیں بغرض علاج لائف کیئر نرسنگ ہوم میں داخل کیا گیا۔ افا قہ کے بعد وہ گھر آ گئے تھے لیکن 3 دن قبل ان پر برین ہیمرج کا شدید حملہ ہوا۔ اس کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکے۔ مرحوم کے پیس ماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک فرزند ہے۔

 قیصر شمیم کا اصل نام عبد القیوم خان ہے۔ ان کی تاریخ پیدائش 02 اپریل 1936ء ہے۔ 1951ء سے جون 1957 تک وہ میدان کسی کے نام سے لکھتے رہے۔ جولائی 1957 ء تا حال قیصر شمیم کے نام سے معروف ہیں ۔ نصف درجن سے زائد کتابوں کے مصنف رہ چکے ہیں ۔ 

متعدد کتابوں کے مؤلف بھی ہیں جب کہ مختلف اخبارات و رسائل سے صحافی وابستگی بھی رہی ۔ مرحوم مغربی بنگال اردو اکاڈمی کے وائس چیر مین بھی رہ چکے ہیں اور انھیں مغربی بنگال اردو اکاڈمی کی طرف سے انھیں عبد الرزاق ملیح آبادی ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ بے شمار اداروں کی طرف سے ان کی پذیرائی کی جا چکی ہے۔ وہ سرگرم ادبی ادارہ ہوٹہ رائٹرس ایسوی ایشن کے بانی بھی ہیں۔

نماز جنازہ آج مکہ مسجد گھوش لین میں اور تدفین بعد نماز مغرب آندول قبرستان میں ہوگی۔ احباب سے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے درخواست ہے۔