اے ایم یو: ڈاکٹروں نے دس سالہ بچے کولگایا پیس میکر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-07-2022
اے ایم یو: ڈاکٹروں نے دس سالہ بچے کولگایا پیس میکر
اے ایم یو: ڈاکٹروں نے دس سالہ بچے کولگایا پیس میکر

 

 

 آواز دی وائس، علی گڑھ

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹروں نے ایک 10 سالہ لڑکے کی جان بچانے کے لیے اسے ایک مستقل پیس میکر کامیابی کے ساتھ لگایا۔ یہ بچہ کووِڈ کے بعد ملٹی سسٹم اِنفلیمیٹری سنڈروم میں مبتلا ہواجس سے اس کے دل میں مکمل بلاکیج ہوگیا تھا۔ جے این ایم سی میں اتنے چھوٹے بچے پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن تھا۔

  جے این ایم سی کے کارڈیالوجی او پی ڈی میں بھرتی کئے گئے اس بچے کے دل میں مکمل رکاوٹ کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ بے ہوش ہوجاتا تھا۔ ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد اسے مستقل پیس میکر لگانے کا فیصلہ کیا۔

 شعبہ امراض قلب کے چیئرمین پروفیسر ایم یو ربانی نے ڈاکٹر شاد عبقری (نوڈل آفیسر، پیڈیاٹرک کارڈیک یونٹ)، ڈاکٹر ایم معاذ قدوائی اور ڈاکٹر ایمن نعیم کے ہمراہ یہ طبی عمل انجام دیا۔پروفیسر ربانی نے بتایا ”کووِڈ انفیکشن کے بعد بچے کو مذکورہ بیماری ہوئی۔ طبی نگرانی میں رکھنے کے بعد ہم نے مستقل پیس میکر لگانے کا فیصلہ کیا۔ پیس میکر نے بچے کے دل کی دھڑکن کو فوری طور پر بحال کردیا اور اسے مکمل صحت یابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیاہے“۔

 ڈاکٹر شاد عبقری نے اس سلسلہ میں کہا: اگرچہ پیس میکر کی پیوند کاری بالغوں میں عام ہے، لیکن یہ ایک غیر معمولی کیس ہے جس میں ایک 10 سالہ بچے کو پیس میکر لگایا گیا۔ 

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے پروفیسر ربانی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ”مکمل ہارٹ بلاک والے بچوں کا جے این ایم سی میں کامیابی کے ساتھ علاج کیا جاتا ہے۔

 انھیں بڑے شہروں کے نجی اسپتالوں میں بہت زیادہ فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارے ڈاکٹر اور سرجن پیچیدہ سرجری کامیابی سے انجام دے رہے ہیں“۔

پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا کہ جے این ایم سی قلب کے امراض میں مبتلا بچوں کو بہترین اور معیاری علاج فراہم کرنے کے لیے جدید ترین سہولیات سے لیس ہے۔