جامعہ ملیہ: ٹیم ایپی ون نےاسمارٹ انڈیا ہیکاتھن جیتا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-08-2022
 جامعہ ملیہ: ٹیم ایپی ون نےاسمارٹ انڈیا ہیکاتھن جیتا
جامعہ ملیہ: ٹیم ایپی ون نےاسمارٹ انڈیا ہیکاتھن جیتا

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 شعبہ کمپوٹر انجینئرنگ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی چھے اراکین پرمشتمل ٹیم ایپی ون نے سال رواں کے اسمارٹ انڈیا ہیکاتھان (ایس آئی ایچ) کا پہلا انعام جیت لیا ہے۔ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد ملیں گے۔

 ایس آئی ایچ، وزارت تعلیم، حکومت ہند کی ایک مہم ہے جو سماج کے ناگزیر اور اہم مسائل حل کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے اور اس طرح چیزوں کو تیار کرنے کی تربیت ہوتی ہے اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت بھی پیدا ہوتی ہے۔اس سال مؤرخہ پچیس اور چھبیس اگست کو چھتیس گھنٹے تک جاری رہنے والا طویل ہیکا تھان ملک بھر کے پچھتر نوڈل مراکز منعقد ہوا تھا جس میں باسٹھ تنظیموں کے موصول چار سو چھتر سوالات کو طلبا کو منفرد انداز میں حل کرنے کے لیے دیا گیا تھا۔

 جامعہ ملیہ اسلامیہ ایپی ون ٹیم نے اسمارٹ انڈیا ہیکا تھن میں مسئلہ نمبر کے ایچ گیارہ سو پچاس کو حل کرنے میں شرکت کی۔ٹیم میں چھے اراکین تھے اور سبھی بچے بی۔ٹیک پانچویں سمسٹر کے تھے۔ان کے نام اس طرح ہیں۔

awazthevoice

 گروپ فوٹو

عارفہ (ٹیم لیڈر)عالیہ بیگ،فیضان چودھری،لال بہاری پانڈے،فاطمہ شفیق اور عباس حیدر۔جامعہ ٹیم نے مسئلے کو جو حل پیش کیا اس کا مقصد طلبا میں خود نگہ داری کے جذبے کو فروغ دینا اور بشمول ذہنی،جسمانی اور سماجی صحت کے ہمہ جہت خوش حالی کو بہتر کرنا تھا۔مسئلے کے حل کے لیے ٹیم ایپی ون نے کراس پلیٹ فارم موبائل اپلی کیشن ’ایپی ون‘ تیار کیا۔اسے فلوٹر کو فریم ورک کے طور پر استعمال کیا گیا اور ڈارٹ کو پروگرام لینگویج کے بطور برتا گیا۔کنگو انجینئرنگ کالج،ایروڈ،تمل ناڈو میں منعقدہ فائنل میں ماہرین کی تین گھنٹے طویل اور سخت جائزے کے بعد ایپی ون کو مسئلہ نمبر کے ایچ گیارہ سو پچاس کا فاتح قرار دیاگیا۔

 خود نگہ داری ایک کثیر رخی اورکثیر جہاتی سرگرمی ہے،ٹیم ایپی ون چاہتی تھی کہ اس سے متعلق کسی بھی مسئلے کو حل کرنے میں ایک جامع اپروچ اپنایا جائے اورطلبا کی سہولت کے لیے ایک سنگل پلیٹ فارم تیار کرنا چاہتی تھی جسے وہ اپنی خود نگہہ داری کے سفر میں بروئے کار لاسکیں۔

awazthevoice

فاتح ٹیم

اسی وجہ سے انھوں نے طے کیا کہ اس میں چار ٹریکس رکھے جائیں یعنی ذہنی صحت،جسمانی صحت،سماجی صحت اور پیشہ ورانہ صحت اورانھی دائروں میں انھوں نے چند خصوصیات اور فیچر بھی رکھیں جن کو طلبا روزمرہ کی زندگی میں استعمال کرسکتے ہیں۔اس طرح ان چار ٹریکس کے ساتھ چار فیچر بھی ہیں جن میں پہلا فیچر ڈاکٹر سے مشورہ تھا۔طلبا اپلی کیشن کی مدد سے ڈاکٹر سے مشورہ کرسکتے ہیں کیوں کہ ڈاکٹروں سے ملناکوئی آسان کام نہیں ہے۔

دوسرا فیچر مصنوعی ذہانت چیٹ بوٹ کا ہے جو اپلی کیشن کے صارف کی مدد اور معاونت کرتاہے۔تیسرا فیچر’کہانیوں‘ کا ہے اس سیکشن میں طلبا اپنے تجربات ساجھا کرسکتے ہیں۔اور چوتھا فیچر ایس او ایس کا ہے جو ایمرجنسی کی حالت میں پیغام بھیجنے والے کے صحیح جائے وقوع کا پتا بھی بھیج دیتاہے۔چار ٹریکوں میں بھی ایپی ون نے متعدد فیچرز رکھے ہیں جیسے دھیان و مراقبہ، چوکنا پن،پی ایچ قیو۔نو ٹسٹ،کوگنیٹیو بی ھیوریئیل تھیراپی،یوگا پوز ڈیٹکشن، ٹائم مینجمنٹ ٹکنیک وغیرہ یہ سب مل کر صارفین کی ہمہ جہت خوشحالی کو بہتر کرتی ہیں۔