جامعہ ملیہ:16محققین اسٹین فورڈ یونیورسٹی کی سرکردہ سائنس دانوں کی عالمی فہرست میں شامل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2021
جامعہ ملیہ:16محققین اسٹین فورڈ یونیورسٹی کی سرکردہ سائنس دانوں کی عالمی فہرست میں شامل
جامعہ ملیہ:16محققین اسٹین فورڈ یونیورسٹی کی سرکردہ سائنس دانوں کی عالمی فہرست میں شامل

 

 

 نئی دہلی :جامعہ ملیہ اسلامیہ کے لیے یہ امر باعث افتخار ہے کہ امریکہ کی اسٹین فورڈ یونیورسٹی نے دو فی صد سرکردہ سائنس دانوں کی عالمی فہرست میں اس کے سولہ (16) محققین کو شامل کیاہے۔جان لونیڈس ممتاز پروفیسر اسٹین فورڈ یونیورسٹی،امریکہ کی سربراہی والی ماہرین کی ٹیم نے یہ فہرست مرتب کی تھی اور اسے ایلسیویر بی وی نے شائع کیا تھا۔ کچھ ہی دنوں پہلے عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی نے یہ فہرست جاری کی تھی۔

پروفیسرنجمہ اختر،شیخ الجامعہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس موقع پر کہا کہ’جامعہ ملیہ اسلامیہ میں جو اعلی اور معیاری تحقیق ہورہی ہے یہ اس کا اعتراف ہے۔یہ اعتراف جامعہ کو دنیا میں افضلیت کے نقشے میں اہم مقام دلاتاہے ساتھ ہی یہ ادارے کے لیے بھی بڑے اعزاز کی بات ہے۔

 اس فہرست میں ہندوستان کے تین ہزار تین سو باون(3352)محققین کو شامل کیا گیا ہے جس سے عالمی تحقیقی پلیٹ فارم پر ہندوستان کی بیش قیمت اثر کا اندازہ ہوتاہے۔قابل ذکر ہے کہ اسٹین فورڈ یونیورسٹی نے دو علاحدہ فہرستیں جاری کی تھیں۔پہلی فہرست پورے کیریر کو محیط اعداد وشمار پر مبنی ہے جس میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے آٹھ(8)پروفیسرصاحبان کو جگہ ملی ہے۔دوسری فہرست سال دوہزاربیس (2020) کی ہے جس میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سولہ (16) سائنس داں شامل کیے گئے ہیں۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پروفیسر عمران علی، پروفیسر عتیق الرحمان،پروفیسر انجان۔اے۔سین، پروفیسر حسیب احسن، پروفیسر سشانت جی گھوش، پروفیسر ایس۔احمد،پروفیسر توقیر احمد اور ڈاکٹر محمد امتیاز کو دونوں اہم فہرستوں میں شامل ہیں جب کہ سال دوہزاربیس (2020) کی دنیا کے دو فی صد سرکردہ سائنس دانوں میں جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پروفیسر عابد حلیم، پروفیسر رفیق احمد،پروفیسر تبریز عالم خان، پروفیسر محمد جاوید، پروفیسر ارشد نور صدیقی،پروفیسر مشیر احمد،پروفیسر فیضان احمدا ور پروفیسر طارق الاسلام کو شامل کیا گیاہے۔

 ایک لاکھ سے زیادہ سرکردہ سائنس دانوں سے متعلق دستیاب معلومات مختلف تحقیقی مقالات میں الگ الگ تصنیفی پوزیشن اور مشترکہ اشارات کے ساتھ ساتھ حوالہ جات، ایچ۔انڈیکس، اورحوالہ جات کی معیاری معلومات فراہم کرتی ہے۔ اس فہرست میں دنیا بھر کے سائنس دانوں کو سائنس کے بائیس شعبوں میں تقسیم کیا گیاہے اور اس کے بعد ایک سو چھتر ذیلی شعبوں میں بانٹا گیا ہے۔ پورے کیرئیر کو محیط اعداد و شمار میں دوہزار بیس (2020) کے آخرتک کی معلومات شامل کی گئی ہیں۔ اس فہرست میں شمولیت سی۔اسکور یا دو فی صد کے رینگ یا اس سے اوپر کے ذریعے ایک لاکھ سرکردہ سائنس دانوں پر مبنی ہوتی ہے۔