جامعہ ملیہ اسلامیہ: ’عالمی یوم ہندی‘ پر آن لائن سیمینار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
جامعہ ملیہ اسلامیہ: ’عالمی یوم ہندی‘ پر آن لائن سیمینار
جامعہ ملیہ اسلامیہ: ’عالمی یوم ہندی‘ پر آن لائن سیمینار

 

 


آواز دی وائس،نئی دہلی

عالمی یوم ہندی کے موقع پر شعبہ ہندی،جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ’ہندی کی عالمی صور ت حال‘ کے موضوع پر ایک روزہ ویبی نار کا انعقاد کیا گیا۔ویبی نار کا آغاز پروفیسر اندو ویریندر صدر شعبہ ہندی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے پروگرام کے صدر،مہمان خصوصی، مہمانا ن اعزازی اورعلم و ادب کے دیگر ارباب فن کے خیر مقدمی کلمات سے ہوا۔

پروفیسر تسنیم فاطمہ،نائب شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ویبی نار کے افتتاحی اجلاس کی صدارت فرمائی۔پروفیسر موصوفہ نے عالمی سطح پر ہندی کی درس و تدریس پرزور دیتے ہوئے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انھوں نے شعبہ ہندی کو اس موقع پر مبارک باددی اور نیک خواہشات کا بھی اظہا رکیا۔اس دوران ڈین فیکلٹی آف لینگویجیز اینڈ ہیو منی ٹیز پروفیسر محمد اسد الدین بھی موجود رہے۔

بھگونت یونیورسٹی،راجستھان میں تحقیق اور ویبی نار کے پہلے مقرر ڈاکٹر سندیپ اوستھی نے روس اور دیگر ممالک میں ہندی کے دائرے پر تقریر کی۔انھوں نے کہاکہ ہندی کو عالمی سطح پر اہم شناخت ملی ہے۔اب تو غیر ملکی افراد بھی بڑے پیمانے پر ہندی سیکھ رہے ہیں۔ انھو ں نے آگے کہا کہ صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے بھارتی پرواسی ایوارڈیافتہ پچاسی برس کی نیلو گپتا اب تک تقریباً پندرہ ہزار غیر ملکیوں کو ہندی زبان کی تربیت دے چکی ہیں۔اس سے پتا چلتاہے کہ غیر ملکی لوگ بھی بڑے پیمانے پر ہندی سیکھ رہے ہیں۔

اس کے بعد ڈاکٹر نوتن پانڈے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، مرکزی ہندی ڈائریکٹوریٹ نے ہندی زبان کی موجودہ صور ت حال کا جائزہ لیا اور ہندی کی بڑھتے اثرو نفوذ پر زور دیا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہندی عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرچکی ہے۔تقریباً ایک سو پچاس ملکوں میں ہندی زبان پر تحقیق ہورہی ہے۔دنیا کے کونے کونے میں ہندی کو پہنچانے میں غیر ملکوں میں آباد ہندوستانیوں کا بیش قیمت تعاون شامل رہاہے۔انھوں نے آگے کہا کہ تقریباً تین کروڑ ہندوستانی ہیں جو ہندوستان سے باہر ہندی زبان و ادب کی ترویج واشاعت میں مصروف ہیں۔اگر نصاب کو ذرا اور سہل بنایا جائے تو غیرملکی لوگوں کو ہندی سکھانے میں مزید آسانی ہوگی۔

پروگرام میں ’ہندی کی عالمی صور ت حال‘ اجلاس کی صدارت کررہی مرکزی ہندی سنستھان،آگرہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر بینا شرما نے ہندی زبان کے اندرون میں توانائی اور فعالیت کے حوالے سے گفتگو کی۔انھوں نے عالمی پس منظر ہندی زبان کے بڑے پیمانے پر تبلیغ و تشہیر کو اہمیت دی اور ہندی میں علوم کے خزینے کو انتہائی زر خیز مانا۔ ویبی نار میں جامعہ کے شعبہ ہندی اور دیگرشعبوں کے فیکلٹی اراکین اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر مکیش کمار میراٹھی اسسٹنٹ پروفیسر،شعبہ ہندی،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پروگرام کی نظامت کے فرائض کے ساتھ ساتھ شکریہ کی رسم بھی ادا کی۔