اندرا گاندھی ہال میں جمنازیم کا افتتاح اور شجرکاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اندرا گاندھی ہال میں جمنازیم کا افتتاح اور شجرکاری
اندرا گاندھی ہال میں جمنازیم کا افتتاح اور شجرکاری

 

 

آواز دی وائس،علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے اندرا گاندھی ہال میں نامور ماہر امراض اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق نے جمنازیم کا افتتاح کیا اور لوح کی نقاب کشائی کی۔

ہال میں اس نئے اضافے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک متحرک و زندہ معاشرے کے لئے خواتین کی ذہنی اور جسمانی صحت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمنازیم میں ورزش سے ذیابیطس جیسے امراض کو روکنے میں بھی مدد ملتی ہے کیونکہ اس سے وزن قابو میں رہتا ہے۔ جمنازیم کے افتتاح کے بعد اقامتی ہال کے احاطہ میں ساگون کے پودے لگائے گئے۔

ڈاکٹر حمیدہ طارق نے ساگون کا پہلا پودا لگایا اور کہا کہ بنجر زمین کو سرسبز و شاداب کیمپس کے لئے استعمال کرنا اور مستقبل کے لئے وسائل پیدا کرنا ایک قابل ستائش قدم ہے۔

ہال کی پرووسٹ پروفیسر شیبا حامدنے ڈاکٹر حمیدہ طارق کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی ہال میں جمنازیم کی طویل عرصہ سے ضرورت تھی۔ وائس چانسلر کی تائید اور حوصلہ افزائی کی وجہ سے یہ ممکن ہوپایا۔

انھوں نے کہاکہ ہال میں ایک وسیع آراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں مستقبل میں ساگون کا جنگل دیکھنے کو ملے گا۔ ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون، پروفیسر نشاط فاطمہ زیدی (یونیورسٹی لائبریرین)، پروفیسر صبوحی خان (پرووسٹ، بیگم عزیز النساء ہال)، ڈاکٹر غزالہ ناہید (پرووسٹ، عبداللہ ہال)، پروفیسر اسماء علی (ڈپٹی ڈی ایس ڈبلیو)، ڈاکٹر فائزہ عباسی (ڈائریکٹر، یو جی سی ایچ آر ڈی سنٹر)، ڈاکٹر انامیکا گپتا (اسسٹنٹ ڈی ایس ڈبلیو)، ڈاکٹر شیبا منظور (اسسٹنٹ پراکٹر) اور بشریٰ غیاث (اسسٹنٹ پراکٹر) نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

اس موقع پر اندرا گاندھی ہال کے تمام وارڈن موجود تھے۔