بھرتی میلے میں کمپنیوں نے اے ایم یو کے طلباء کو ملازمت کے لئے منتخب کیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2022
بھرتی میلے میں کمپنیوں نے اے ایم یو کے طلباء کو ملازمت کے لئے منتخب کیا
بھرتی میلے میں کمپنیوں نے اے ایم یو کے طلباء کو ملازمت کے لئے منتخب کیا

 

 

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس- جنرل اور انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (آئی کیو اے سی) کے اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ بھرتی میلہ ”سیراب“ میں انٹرویو اور گروپ ڈسکشن کے مرحلہ کے بعد مختلف کمپنیوں نے 80 سے زائد طلباء کو ملازمت کی پیشکش کی جب کہ 150 سے زائد طلباء کو آئندہ ہفتہ ملازمت کی پیشکش کی تصدیق ہوگی۔

اِسٹیپنگ کلاؤڈ، مارک امپیکس، ٹیلے سی آر ایم، سو جابس، کنیکٹ بزنس سولیوشنس، بیلیو پی ٹی ای لمیٹیڈ،یو ایچ ایم ویکیشنس، مائنڈ ٹیل گلوبل پرائیویٹ لمیٹیڈ، بنسل کلاسیز، انٹل، فیڈ پرو اور دیگر کمپنیوں کے نمائندوں نے بھرتی میلے میں شرکت کی، جسے مارک اِمپیکس اور ریزولو ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام، امریکہ نے اسپانسر کیا تھا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا ”اے ایم یو کثیر ثقافتی تعلیم کے بارے میں بیداری پیدا کرتا ہے اور ہمارے طلباء تمام ہندوستانی ریاستوں اور مختلف ممالک سے آتے ہیں۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی طرف سے ملازمت کی پیشکش پر مختلف ثقافتی پس منظر کے حامل ہمارے طلباء زیادہ باخبر اور جامع فیصلوں کے لیے اپنی منفرد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں۔

مجھے یقین ہے کہ اے ایم یو کے طلباء کا کثیر ثقافتی پس منظر کمپنیوں اور اداروں کے لئے کشش کا باعث ہوگا“۔ انہوں نے بھرتی میلے میں آنے والی کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں کو یادگاری نشان پیش کئے۔ ”سیراب“ کے کنوینر پروفیسر اسد اللہ خاں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلباء کو اپنے کیریئر میں ایک مثبت آغاز کے ساتھ مستقبل کے کیریئر کے لیے قابل قدر مہارت فراہم کرتے ہیں۔

ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر- جنرل مسٹر سعد حمید نے کہا کہ بھرتی میلے نے طلباء کو ان پیشہ ور ماہرین کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کیا جو ان کے کیریئر پر براہ راست اثرانداز ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنیوں کے نمائندوں، سینئر ہیومن ریسورس منیجروں اور دیگر تجربہ کار افراد نے طلباء کو یہ بتایا کہ کسی کمپنی یا شعبے کے لیے ان کی دلچسپی کے میدان میں کام کرنا کیسا ہوگا۔ آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر جہانگیر عالم نے طلباء، یونیورسٹی اور کارپوریٹ دنیا کے لئے بھرتی میلے کے مقاصد و فوائد بیان کئے۔معاون کنوینر ڈاکٹر مزمل مشتاق نے شکریہ ادا کیا۔