اسکول اور کالج جانے والی مسلم لڑکیوں کی تعداد میں کتنا اضافہ ہوا؟تحقیقی رپورٹ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 13-02-2022
اسکول اور کالج جانے والی مسلم لڑکیوں کی تعداد میں کتنا اضافہ ہوا؟تحقیقی رپورٹ
اسکول اور کالج جانے والی مسلم لڑکیوں کی تعداد میں کتنا اضافہ ہوا؟تحقیقی رپورٹ

 

 

نئی دہلی: کرناٹک سے اٹھا حجاب کا تنازع ان دنوں سرخیوں میں ہے۔ سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ لڑکیوں کو حجاب پہن کر اسکول پہنچنے سے روکنا درست ہے یا غلط؟ معاملہ عدالت کے دروازے تک پہنچ گیا ہے۔ لیکن ایک پہلو ایسا بھی ہے جس پر غور کرنا چاہیے۔ اور یہ پہلو تعلیم میں مسلم بچیوں کی شرکت ہے۔

اعداد کے مطابق ملک میں اسکولوں اور کالجوں میں جانے والی مسلم لڑکیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ 2007-08 اور 2017-18 کے درمیان، ہندوستان میں اعلیٰ تعلیم میں مسلم خواتین کی حاضری کا تناسب 6.7 فیصد سے بڑھ کر 13.5 فیصد ہو گیا۔

کالج جانے والی 18 سے 23 سال کی مسلم لڑکیوں کی تعداد میں یہ اضافہ ہوا ہے۔ بلاشبہ یہ مسلم آبادی کے تناسب سے کم ہے لیکن اضافہ صاف نظر آرہا ہے۔

اگر ہم اعلیٰ تعلیم میں ہندو لڑکیوں کی حاضری کا تناسب دیکھیں تو یہ 2007-08 میں 13.4 فیصد سے بڑھ کر 2017-18 میں 24.3 فیصد ہو گیا ہے۔

اگر ہم کرناٹک کی بات کریں تو 2007-08 میں مسلم خواتین کی اعلیٰ تعلیم میں حاضری کا تناسب 2007-08 میں محض 1.1 فیصد تھا جو 2017-18 میں بڑھ کر 15.8 فیصد ہو گیا۔

کیا اسلام میں حجاب ایک لازمی عمل ہے؟ کیا طالب علم کو اسکول کے یونیفارم کوڈ سے زیادہ پہننے کا حق ہے؟

ان سوالات کو اب ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جا رہا ہے جس کی نگرانی سپریم کورٹ کر رہی ہے مگر اعداد سے واضح ہے کہ مسلمان لڑکیاں تعلیم کی جانب راغب ہیں اور وہ مستقبل میں بہت اچھا کرسکتی ہیں۔

یونیفائیڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن (یوڈی آئی ایس ای) کے مطابق، قومی سطح پر، اپر پرائمری (کلاس 5 سے 8) میں لڑکیوں کے کل اندراج میں مسلم انرولمنٹ کا حصہ 2015-16 میں 13.30 فیصد سے بڑھ کر 14.54 فیصد ہو گیاہے۔

جب کہ کرناٹک میں یہ 15.16 فیصد سے بڑھ کر 15.81 فیصد ہوگیا۔ اس سے مذہبی اور سماجی گروہوں میں لڑکیوں اور خواتین کے اندراج میں اضافہ ہوا۔ ہم اسے ریاستوں میں دیکھ رہے ہیں۔

ایک تعلیمی این جی اوکے ایک اعلیٰ ماہر نے کہا، جو بنیادی طور پر اسکولی تعلیم کے شعبے میں کام کرتی ہیں’’ ہندو ہو یا مسلمان، سکھ ہو یا عیسائی، ملک بھر میں لڑکیاں اور خواتین اپنے خاندان سمیت کئی سطحوں پر جدوجہد کر رہی ہیں۔ اگر ہم مسلم خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر اس کے اثرات کو دیکھیں تو اس کا اندازہ لگانا بہت جلد بازی ہے۔‘‘