سی بی ایس سی کے نصاب سے اسلامی تاریخ اورفیضؔ کو ہٹادیا گیا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-04-2022
سی بی ایس سی کے نصاب سے فیضؔ کو ہٹادیا گیا
سی بی ایس سی کے نصاب سے فیضؔ کو ہٹادیا گیا

 

 

نئی دہلی: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے نئے تعلیمی سیشن کے نصاب کا اعلان کیا ہے۔ سی بی ایس ای نے اپنے نئے نصاب میں دسویں جماعت کی سوشل سائنس کی کتاب سے پاکستانی شاعر فیض احمد فیض کی شاعری اور گیارہویں کی تاریخ کی کتاب سے اسلام کے آغاز، عروج اور توسیع کی کہانی کو ہٹا دیا ہے۔ اسی طرح 12ویں کتاب سے مغلیہ سلطنت کی حکمرانی اور نظم و نسق کے باب میں تبدیلی کی گئی ہے۔

نصاب میں ان تبدیلیوں پر اساتذہ برادری کی رائے منقسم ہے۔ کوئی طلباء کے فائدے بتا رہا ہے تو کوئی مانتا ہے کہ اس کی وجہ سے طلباء بہت سی اہم باتوں کو جاننے سے محروم ہو جائیں گے۔ تاہم، کوششوں کے باوجود، سی بی ایس ای کے سینئر حکام سے ان کے جواب کے لیے رابطہ نہیں ہو سکا۔

دی انڈین اسکول کے استاد کنو شرما کہتے ہیں، 'سنٹرل اسلامک لینڈ جیسے باب کو ہٹانے سے ایک دلچسپ حصہ رہ گیا ہے۔ اس میں اسلام کے بطور مذہب قیام، تصوف، انبیاء وغیرہ کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔

اس کی جگہ خانہ بدوش سلطنت کے باب نے لے لی ہے، جس میں چنگیز خان کو ایک شخصیت اور حکمران کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ یہ باب طلبہ کے لیے بوجھ بن سکتا ہے۔' ساتھ ہی ایورگرین پبلک اسکول کی ٹیچر پائل گپتا کا کہنا ہے کہ بچوں کو ہر چیز کا علم ہونا چاہیے۔

“شاید بورڈ بچوں پر بوجھ کم کرنا چاہتا ہے جس کی وجہ سے کچھ چیپٹر ہٹا دیے گئے ہیں۔ اس سیشن میں جو ابواب شامل کیے گئے ہیں وہ طلبہ کے لیے آسان ہوں گے۔ ساتھ ہی کتابوں سے ابواب ہٹانے یا تبدیل کرنے کی پالیسی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کی پروفیسر موشومی باسو کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں کس بنیاد پر کی جا رہی ہیں؟ کیا اس کے لیے علمی برادری سے رابطہ کیا گیا ہے؟ "اسکول ہو یا کالج، کورسز بغیر کسی وجہ کے بدلے جا رہے ہیں،"

۔ انہوں نے کہا کہ نصاب سے کیا نکالا جا رہا ہے اور کیا شامل کیا جا رہا ہے، اس کی صحیح تحقیق ہونی چاہیے۔ 10ویں جماعت کی کتاب 'جمہوری سیاست' کا چوتھا باب 'ذات، مذہب اور صنفی مسائل' ہے۔ اس کے نیچے ایک ذیلی عنوان 'مذہب، فرقہ اور سیاست' ہے جس میں فرقہ واریت کو بتایا گیا ہے۔

فرقہ واریت میں سیاست کے کردار کی وضاحت کے لیے بچوں کو تین کارٹون دیے گئے ہیں۔ پہلے دو کارٹونوں میں فیض کی ایک ایک نظم بھی لکھی گئی تھی جسے اب ہٹا دیا گیا ہے۔