اسرائیلی تشدد پر دارالعلوم دیوبند نے سخت برہمی کا اظہار کیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2021
دارالعلوم دیوبند
دارالعلوم دیوبند

 

 

فیروز خان/ دیوبند

مسجد اقصی اور غزہ میں اسرائیلی تشدد ،جارہیت اور انسانی حقوق کی شدید پامالیوں پرعالمی شہرت یافتہ دینی دانشگاہ دارالعلوم دیوبند نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصی میں عبادت کر رہے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیل نے جس وحشیانہ تشدد کا مظاہرہ کیا ہے وہ حد درجہ انسانیت سوز اور کھلی دہشت گردی ہے ،اسرائیلی فوجیوں کے ذریعہ خواتین کی آبرو ریزی ،معصوم بچوں کا قتل عام ،مسجد اقصی کی بے حرمتی اور اقوام متحدہ کا خاموش رہنا واضح نا انصافی ہے ،دارالعلوم دیوبند اس کی پر زور مذمت کرتا ہے ۔

دارالعلوم دیوبند کے قائم مقام مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی نے پریس کو جاری اپنے بیان میں مسجد اقصی سمیت فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں حقوق انسانی کا ڈنکا پیٹنے والی نام نہاد تنظیمیں اور با اثر ممالک کی خاموشی حد درجہ باعث تشویش ہے اور یہ حقیقت بھی روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں معصوم فلسطینی ظلم و تشدد کا شکار بنتے جا رہے ہیں اور اسرائیلی افواج بستیوں پر بمباری کرنے سے دریغ نہیں کر رہی ہے ۔

مولانا عبدالخالق مدراسی نے کہا کہ بے شمار گوشوں سے اسرائیل کی اس دہشت گردانہ کارروائی کے خلاف آواز اٹھنے کے باوجود اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے جبکہ یہی اقوام متحدہ انڈونیشیا اور سوڈان جیسے ممالک میں معمولی سے مطالبے پر علحیدہ ملک بنا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔انہوں نے حکومت ہند سمیت دنیا کے تمام انصاف پسند بالخصوص مسلم ممالک سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی اس وحشت و دہشت سے معصوم فلسطینیوں کو نجات دلانے کے لئے حق و انصاف اور انسانیت کے نام پر اجتماعی آواز بلند کریں اور اسرائیل کے جبرو تشدد کے سدباب کے لئے موثر اقدامات کریں ۔مولانا عبدالخالق مدراسی نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ فلسطین کی حامی رہی ہے اسی لئے فلسطینی عوام ہندوستان اور اس کے عوام کو اپنا محسن و دوست مانتے ہیں ،انہوں نے موجودہ حکومت سے اس قدیم رشتہ کا احترام کرنے کو کہا ۔

مولانا موصوف نے اسرائیلی فوجی کارروائی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے وہ تمام ممالک اور عالمی تنظیمیں بھی اس قتل و غارت گری میں برابر کی شریک ہیں جو خاموش تماشائی کے طور پر فلسطینی انسانوں کا قتل عام دیکھ رہی ہیں ۔انہوں نے حکومت ہند سمیت اقوام متحدہ سے اسرائیل کو ایک ظالم اور دہشت گرد ملک قرار دیکر عالمی سطح پر ہر پہلو سے اس کا بائیکاٹ کرنے کی قرار داد منظور کئے جانے ،فلسطینیوں کی راحت رسانی اور ان کے تحفظ کے لئے بہ عجلت ممکنہ موثر اقدامات کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

مولانا عبدالخالق مدراسی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند دنیا کی تمام فلاح انسانی کے لئے کام کرنے والی تنظیموں اور با اثر شہریوں سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں قائم مسلم ممالک کے سفارت خانوں اور حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں کے دفاتر کے سامنے بھی اسرائیل کی دہشت گردانہ اور ظالمانہ کارروائی کے خلاف پر امن احتجاج کریں اور فلسطینیوں کی حمایت کے لئے ان سربراہان مملکت کے نام میمورنڈم پیش کریں جو اسرائیل کی سفاکیت پر ہنوز خاموش ہیں۔