دارالعلوم دیوبند : تقابلی مطالعہ کے تحت ہندو فلسفہ بھی پڑھایا جاتا ۔ مولاناابوالقاسم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی ۔ دارالعلوم دیوبند
مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی ۔ دارالعلوم دیوبند

 

 

فیروز خان/ دیوبند

عالم اسلام کی مشہور و معروف اسلامی درسگاہ اس اعتبار سے بھی نابغہ روزگار ہے کہ اس ادارے میں فراغت کے بعد بھی مزید تخصص کی اسناد حاصل کرنے کے موقعہ میسر ہیں خاص طور پر تخصص فی الحدیث ،تکمیل ادب ،تکمیل افتاء،تکمیل تفسیر،شعبہ کمپیوٹر ،شعبہ انگریزی ادب ،تکمیل علوم اور دار الصنائع کے ساتھ ساتھ تقابلی مطالعہ کے تحت ہندو فلسفہ بھی پڑھایا جاتا ہے جس میں گیتا و رامائن کے شلوک کی معنویت و اصلیت سے بھی واقف کرایا جاتا ہے ۔

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے بتایا کہ  طلبہ کو مختلف مذاھب کے درمیان تقابلی نصاب کی تیاری بھی کرائی جاتی ہے  ،مولانا نعمانی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات اور مذہبی اقدار کی فوقیت کا فروغ ہمارا مشن ہے ،انہوں نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند سماجی ہم آہنگی کے لئے بھی اپنے طلبہ کی ہر ممکن ذہن سازی کرتا ہے اور اسلام کے جذبہ اخوت کی تعلیم کو عام کرنے میں پیش پیش رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ دارالعلوم دیوبند تمام عالم میں ایک ممتاز مقام رکھتا ہے ۔

 مہتمم دارالعلوم نے بتایا کہ دو دہائی سے زائد عرصہ پہلے مجلس شوری نے دارالعلوم دیوبند میں ہندو ازم کی اپنے طلبہ میں تفہیم کے لئے ایک تجویز پاس کی تھی جس کے تحت محاضرات کے ذریعہ ہم اپنے طلبہ کو قرآن و حدیث کے ساتھ ہندو فلسفہ اور عیسائیت کی تعلیمات سے بھی روشناس کراتے ہیں ،مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کہا کہ معلومات عامہ اور علم نافع کے فرق کا ادراک بھی ضروری ہے اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ ہمارے فضلاءکما حقہ علم نافع کی حقیقت سے واقف ہوتے ہیں ،فقہ اسلامی کی تعلیم علم نافع کی منشاءپر ہے جبکہ دیگر علوم ہمارے یہاں معلومات عامہ کے طور پر پڑھائے جاتے  ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حصول علم کے لئے مذاہب عالم کی کتابوں کا مطالعہ بھی ضروری ہے ،مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کی لائبریری ہندوستان کی ایک مثالی لائبریری ہے جس میں دو لاکھ سے زائد کتابوں اور پندر سو سے زائد مخطوطوں کی موجودگی اہل علم حضرات کے لئے توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔واضح ہو کہ 30مئی 1866کو معروف عالم دین حضرت مولانا قاسم نانوتویؒ اور ان کے رفقاءنے دارالعلوم دیوبند قائم کیا تھا جو اپنے ممتاز علمی کارناموں کے سبب دنیا میں منفرد پہچان رکھتا ہے ۔