فیشن فورکاسٹنگ میں کیریئر کے مواقع

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
ملک میں حالیہ فیشن خردہ بازار کی مالیت تقریباً 297091 کروڑ روپیۓ کی ہے
ملک میں حالیہ فیشن خردہ بازار کی مالیت تقریباً 297091 کروڑ روپیۓ کی ہے

 

 

نئی دہلی

فیشن کا میدان ہمیشہ سے ہی پرکشش، گلیمرس اور دل چسپیوں سے بھرا ہوا ہوتا ہے۔ جب فیشن میں کیریئر بنانے کی بات آتی ہے توعام طور نوجوانوں کے ذہن میں فیشن ڈیزاینر یا مرکندایزر کا خیال آتا ہے۔ لیکن آج کی تاریخ میں فیشن کے میدان میں متعدد دیگر مواقع موجود ہیں۔ اگر کسی امیدوار میں تخلیقی صلاحیت موجود ہے توفیشن فورکاسٹنگ آپ کے لئے ایک بہتر کیریئر ثابت ہو سکتا ہے۔

بظاہر فیشن ڈیزائننگ اورفیشن فورکاسٹنگ ایک ہی معلوم ہوتے ہیں لیکن ان میں ایک بنیادی فرق ہے- آپ فیشن فورکاسٹنگ میں فیشن ڈیزائننگ سے ایک قدم آگے ہوتے ہیں۔ یہاں آپ آئندہ رونما ہونے والے رجحانات کا تعین کرتے ہیں- فیشن سے جڑے ہوئے رجحان کی پیشنگوئی اس پیشے کا اہم ترین جز ہے۔

دل چسپ ہے فیشن فورکاسٹنگ: اس فیلڈ میں اتنا مزہ ہے کہ آپ ہر وقت جوش اور جذبے سے لبریز ہوتے ہیں- یہاں سکوت یا جمود نام کی کسی چیز کی کوئی جگہ نہیں ہے- یہاں راتوں رات فیشن کے سارے رجحان تبدیل ہو جاتے ہیں- یوں تو پہلے موسم کے مطابق کٹ اور کلر بدل جاتےتھے لیکن اب تو لگتا ہے کہ اسٹائل ایئر میٹریل بھی چلن میں آنے سے پہلے ہی بدل جاتے ہیں- اس کے پیش نظر یہ پیشہ بھی اب چیلنجوں سے بھرپور ہو گیا ہے-

اس تناظر میں فیشن فورکاسٹنگ اور فیشن ڈیزائننگ میں فرق کو واضح کرنا ضروری ہے۔ درحقیقت فیشن فورکاسٹنگ فیشن ڈیزائننگ کا اگلا مرحلہ ہے- فیشن فورکاسٹنگ کا ماہر عوام کے مزاج جو سمجھتے ہوئے ان کو شغف، رجحان، موسم اور رنگوں کے مطابق آئندہ رائج ہونے والے فیشن کی پیشنگوئی کرتا ہے- دنیا بھر میں فیشن پر نظر رکھنے والے ماہرین عوام کے درمیان جاکر انکے موڈ اور دلچسپی پر تحقیق کرتے رہتے ہیں- فیشن فورکاسٹنگ میں ریڈی تو ویر،اسٹریٹ ویر، ہاٹ کو ٹور اور ماس مارکیٹ جیسے فیشن انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں سے جڑے آئندہ آنے والے رجحانات کا تعین کرنا ہوتا ہے- اس کے ساتھ ساتھ ٹرینڈ فورکاسٹنگ کے تحت آٹو موبیل، فوڈ اینڈ بیوریج، لٹریچراور ہوم  فرنیشنگ جیسے متعدد شعبوں کے ڈیزائن رجحانات کا بھی اندازہ لگانا ہوتا ہے۔

ایجوکیشنل کوالیفیکیشن: فیشن فورکاسٹنگ کے زیادہ ترگریجویشن میں داخلے کے لئے کسی بھی مضمون میں بارہویں پاس ہونا ضروری ہے ۔ دوسری طرف ماسٹرس ڈگری کے لئے کسی بھی مضمون میں گریجویٹ ہونا ضروری ہے- اس کے علاوہ مرکزی حکومت کے تحت کام کرنے والا ایک ادارہ  بھی آن لائن سرٹیفیکیٹ کا کورس آفر کرتا ہے۔ اس میں انڈسٹری کے ماہرین طلبا کو فیشن فورکاسٹنگ انیلسس سے لے کر ٹرینڈ فورکاسٹنگ کے مختلف پہلووں کے بارے میں بتاتے ہیں۔ اسکل انڈیا کے تحت ہونے والے اس خاص کورس کو کارپوریٹ دنیا میں خاص ترجیح ملتی ہے ۔

بنیادی تکنیکی لیاقت میں بھی طاق ہونا شرط: فیشن فورکاسٹنگ کے شعبے میں کیریر بنانے کے لئے تخلیقی صلاحیت کے ساتھ ساتھ بنیادی تکنیکی لیاقت میں بھی طاق ہونا شرط ہے ۔ مثال کے طور پر کپڑوں کی ڈیزائننگ کے لئے فیبرک ویوینگ تکنیک، فیبرک مکسنگ تکنیک، ڈائننگ تکنیک، سٹیچنگ تکنیک وغیرہ سے واقف ہونا ضروری ہے ۔ اسی طرح فوٹ ویر ڈیزائننگ، اکسیسری ڈیزائننگ اور جولیری ڈیزائننگ کے لئے بھی مختلف تکنیکوں کی واقفیت ضروری ہے ۔

اسٹینڈ الون کیریر: فیشن فورکاسٹنگ اب فیشن کے دوسرے عوامل پر انحصار نہیں کرتا- یہ خود کفیل کیریر بن چکا ہے- ڈچ ٹرینڈ فورکاسٹر لی ادلکوورٹ جیسے ماہرین نے فیشن فورکاسٹنگ کو کیریر کی ایک اہم فیلڈ کے طور پر قائم کیا ہے ۔ اس کے علاوہ متعدد ہندوستانی فورکاسٹر بھی اپنی موجودگی درج کرا رہے ہیں ۔

مستقبل کے امکانات: ایک ریسرچ فرم کا دعوا ہے کہ ملک میں حالیہ فیشن خردہ بازار کی مالیت تقریباً 297091 کروڑ روپیۓ کی ہے۔ انہوں نے تخمینہ لگایا کہ یہ مالیت آئندہ پانچ سالوں میں 748398 کروڑ روپیۓ کی ہو جائے گی۔ ہندوستان میں فیشن کی فیلڈ میں بےپناہ مواقع ہیں - یہ انڈسٹری گزشتہ تیس برسوں سے کوالیٹی اور افادیت پر اچھی خاصی توجہ دے رہی ہے۔ اس پس منظر میں نوجوانوں کا اس جانب راغب ہونا ایک نا گزیر عمل ہے۔