پاکستان سے بہتر اردو کا کام ہندوستان میں ہو رہا ہے: سید شاہد مہدی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 25-11-2022
پاکستان سے بہتر اردو کا کام ہندوستان میں ہو رہا ہے: سید شاہد مہدی
پاکستان سے بہتر اردو کا کام ہندوستان میں ہو رہا ہے: سید شاہد مہدی

 


محمد اکرم/دہلی

آج اردو کی صورت حال کسی بھی دوسرے ممالک سے ہندوستان میں بہتر ہے، حتیٰ کہ پاکستان جہاں کی بیشتر آبادی اردو بولتی ہے، اس سے بہتر کام ہمارے ملک ہندوستان میں ہو رہا ہے اور حکومت کی پیش رفت سے ہم خوش ہیں۔ان خیالات کا اظہار جامعہ ملیہ اسلامیہ سابق وائس چانسلر سید شاہد مہدی نے کیا۔ 

قومی دارالحکومت دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اردو کے پچاس سال مکمل ہونے پر جامعہ اردو برادری خوشی سے سرشار ہے۔نصف صدی کے جشن کو یادگار بنانے کے لیے جامعہ کے کیمپس میں مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔

awazthevoice

سنہ 1920 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قیام کے بعد سے اردو زبان پر خصوصی توجہ دی جاتی رہی ہے لیکن 25 نومبر 1972 کو جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طویل جدوجہد کے بعد باضابطہ طور پر شعبہ اردو کا قیام عمل میں آیا۔ دو روزہ پروگرام کے پہلے دن نمائش کا موضوع شعبہ اردو: نصف صدی کی کہانی، تصویروں کی زبانی تھا۔ اس کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کیا۔

awazthevoice

 جب کہ دوسرے دن سی آئی ٹی ہال میں منعقدہ پروگرام کا موضوع تھا: شعبہ اردو پچاس سال۔ دوسرے روز کے پروگرام میں  جامعہ ملیہ اسلامیہ  کے سابق وائس چانسلر سید شاہد مہدی اور  این سی پی ایل کے ڈائرکٹر شیخ عقیل احمد، جامعہ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عقیل احمد، ناظم حسین جعفری اور دیگر معزز مہمانوں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

awazthevoice

اردو کا شعبہ کن لوگوں کی جدوجہد سے قائم ہوا؟

اس سوال کے بارے میں جامعہ کے شعبہ اردو کے پروفیسر کوثر مظہری کا کہنا ہے کہ جامعہ کے آغاز سے ہی اردو پڑھائی جا رہی تھی، لیکن جن لوگوں نے شعبہ اردو کو باضابطہ طور قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

awazthevoice

ان میں قصیر زیدی، پروفیسرمحمد مجیب،  گوپی چند نارنگ، تنویر احمد علوی، پروفیسر محمد ذاکر، عظیم الشان صدیقی، پروفیسرعنوان چشتی، پروفیسر حنیف کیفی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

پچاس سالہ جشن  مگر آگے کیا؟

سید شاہد مہدی نے شعبہ اردو کے پچاس سال کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے اردو کو ہر گھر تک پہنچانے اور اس کے لیے زمینی کام کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شعبہ اردو کی تشکیل سے قبل اردو کے حوالے سے جو کام کیا ہے اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انجمن اردو کی ترقی کے بعد جامعہ نے ادب  سے باہر بہت سے کام کئے ہیں،انہیں یاد رکھنا اور وسعت دینا ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ پچاس سال منا رہے ہیں، آگے کیا کریں؟

awazthevoice

انہوں نے مکتبہ جامعہ کی موجودہ صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ اپنے اصل کام سے بھٹک گیا ہے۔

ہم حکومت سے سوال نہیں کر سکتے

اردو کی موجودہ صورتحال پر سید شاہد مہدی نے کہا کہ ہم حکومت سے سوال نہیں کر سکتے۔ اس وقت این سی پی ایل اردو کی ترقی کے لیے سب سے زیادہ کام کر رہی ہے۔ پاکستان میں بھی اردو کے فروغ کے لیے اس قسم کا کام نہیں کیا جا رہا۔ اردو کو جامعہ کے اندر شعبہ اردو تک محدود نہ رکھا جائے۔

شعبہ اردو کا مستقبل

 آواز دی وائس سے گفتگو کرتے ہوئےاین سی پی ایل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا شعبہ اردو آج پچاس سال کا ہو گیا ہے اور گزشتہ پچاس سالوں میں جامعہ کے ساتھ ساتھ  شعبہ اردو نے بھی بہت ترقی کی۔ اس شعبہ میں اردو کے ایک سے بڑھ کر ایک آفتاب اور مہتاب پیدا ہوئے۔ اردو کے جو اساتذہ اب بھی موجود ہیں وہ صف اول  کے عالم و فاضل ہیں۔

awazthevoice

مجھے امید ہے کہ مستقبل میں یہ شعبہ مزید اعلیٰ مقام حاصل کرے گا اور انہی لوگوں کی کوششوں سے آج جامعہ پورے ہندوستان میں تیسرے نمبر پر ہے۔ میں جامعہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر اور جامعہ اردو شعبہ کے چیئرمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 ہمیں اس پر فخر ہے

 دوسری جانب شعبہ اردو سے پی ایچ ڈی کرنے والی آصفہ زینب کا کہنا ہے کہ جامعہ کے شعبہ اردو کا ماحول بہت اچھا ہے۔ شعبہ اردو جس طرح ترقی کر رہا ہے، امید کی جاتی ہے کہ مستقبل میں  یہ مزید بہتر سے بہتر ہوتا چلا جائے گا۔ یہاں کے اساتذہ اس کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شعبہ اردو پورے ہندوستان میں اردو کا بہترین شعبہ ہے، ہمیں اس پر فخر ہے۔

شعبہ اردو میں صحافت شروع کی جائے

جامعہ گیسٹ فیکلٹی کے استاد ڈاکٹرنوشاد منظر کا کہنا ہے کہ جس طرح  شعبہ صحافت عروج ہوا ہے۔ ہمارے یہاں جامعہ میں  یہ کورس کرایا جاتا ہے، اسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندی صحافت میں ٹی وی میں جس طرح صحافت کی جاتی ہے، اگر اسے شعبہ اردو میں بھی شروع کیا جائے تو یہ بہت اچھا کام ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ مہمان اساتذہ کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔

awazthevoice

انہوں نے کہا کہ جس طرح جے این یو میں شام کے وقت میڈیا کورس ہوتا ہے، اسی طرح جامعہ میں بھی پارٹ ٹائم کورس ہونا چاہیے۔

 کیا ہیں شکایت

اسی دوران پروگرام میں شامل کچھ طلبا کو شکایت تھی کہ اسٹیج پر بہت سے لوگوں کے نام لیے گئے۔ تاہم انھیں شعبہ کے کلرک جئے رام شیٹھی اور اختر احمد کا نام نہ لینے پر افسوس ہے۔ وہ ہمہ وقت طلبا کے لیے کام کرتے رہتے ہیں مگر کہیں ان کا نام نہیں لیا گیا کہیں ان کا اعتراف نہیں کیا گیا۔