اے ایم یو: وائس چانسلر نے کیا ڈی ایم کارڈیالوجی کورس کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2022
اے ایم یو: وائس چانسلر نے کیا ڈی ایم کارڈیالوجی کورس کا افتتاح
اے ایم یو: وائس چانسلر نے کیا ڈی ایم کارڈیالوجی کورس کا افتتاح

 

 

علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ڈی ایم کارڈیالوجی کورس کا رسمی طور سے افتتاح کیا۔

اس طرح سے جے این ایم سی ملک کے ایسے چنندہ میڈیکل کالجوں میں شامل ہوگیا، جہاں ڈی ایم کارڈیالوجی کا کورس دستیاب ہے۔ انھوں نے کارڈیالوجی شعبہ میں پوسٹ گریجویٹ سیمینار اور سی سی یو کمپلیکس میں کلر ڈوپلر ایکو مشین کا بھی افتتاح کیا۔ ڈی ایم کارڈیالوجی کورس کے طلبہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر منصور نے کہا: ”دل کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لئے ایسے ڈاکٹروں کی ضرورت ہوتی ہے جو قلبی نظام اور سپر اسپیشلٹی ٹریننگ کی گہرائی سے واقف ہوں۔

ڈی ایم کارڈیالوجی کورس ڈاکٹروں کو سرکاری اور نجی اسپتالوں میں امراض قلب کے ماہرین کے لئے درکار مکمل معلومات فراہم کرے گا“۔ انہوں نے سستی قیمت پر جدید ترین کارڈیک کیئر فراہم کرنے میں جے این ایم سی کے ماہرین امراض قلب کی کوششوں پر بھی گفتگو کی۔ شعبہ کارڈیالوجی کے چیئرمین پروفیسر ایم یو ربانی نے مریضوں کی نگہداشت اور درس و تدریس کا معیار بلند کرنے میں مطلوبہ تعاون کے لئے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن)، پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این ایم سی) اور پروفیسر حارث منظور خاں (سی ایم ایس اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) نے جے این ایم سی کے مختلف شعبوں کے فیکلٹی ممبران کے ساتھ افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔