اے ایم یو :دو طلبہ کو گولڈ سرٹیفیکیشن سے نوازا گیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-04-2022
اے ایم یو :دو طلبہ کو گولڈ سرٹیفیکیشن سے نوازا گیا
اے ایم یو :دو طلبہ کو گولڈ سرٹیفیکیشن سے نوازا گیا

 

 

 علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کامرس میں ماسٹر آف ٹورزم اینڈ ٹریول مینجمنٹ (ایم ٹی ٹی ایم) کے چوتھے سمسٹر کے طلبہ شیوم اروڑا اور ثانیہ زہرہ کو وائس آف انڈیا ٹورزم کے تحت ”ٹورزم اِسکلس“ کے ذریعہ منعقدہ آن لائن سمر ٹریننگ کے دوران ان کی عمدہ ترین کارکردگی کے لئے گولڈ سرٹیفیکیشن سے نوازا گیا۔سمر ٹریننگ کے دوران انہوں نے اپنے اسائنمنٹ جمع کئے اور گولڈ سرٹیفیکیشن کے لئے منتخب کئے گئے۔

اے ایم یو کے شعبہ کامرس کی ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (ایم ٹی ٹی ایم) پروفیسر شیبا حامد نے کہا کہ وائس آف انڈیا ٹورزم ہندوستان کی 70 سے زیادہ یونیورسٹیوں اور دیگر ٹریول اینڈ ٹورزم مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے تقریباً دو ہزار طلبہ کو انٹرن شپ اور ورچوئل ٹریننگ فراہم کر رہا ہے کیونکہ کووِڈ وبا کے باعث آن سائٹ انڈسٹری کی انٹرن شپ تقریباً ناممکن ہوگئی تھی۔

ملک کی مشہور ٹریول اور ٹور کمپنیوں نے وائس آف انڈیا ٹورزم کے ساتھ اشتراک کیا اور آن لائن سیشن میں سیاحت صنعت کی نامور ہستیوں نے اپنے تجربات اور مہارتوں سے مستفید کیا۔ شعبہ کامرس کے چیئرمین پروفیسر نواب علی خاں نے کہا ”کسی ایجنسی میں فزیکل انٹرن شپ کے دوران طلبہ صرف ان پہلوؤں کو جانتے اور سیکھتے ہیں جن میں وہ ایجنسی مہارت رکھتی ہے، تاہم آن لائن ٹریننگ میں وائس آف انڈیا ٹورزم نے سفرو سیاحت اور مہمان نوازی کے میدان کے سبھی پہلوؤں کی تربیت فراہم کی ہے“۔

فیکلٹی آف کامرس کے ڈین پروفیسر محمد ناصر ضمیر قریشی نے کہا ”اآن لائن سمر ٹریننگ کا بنیادی مقصد طلبہ کو جامع تربیت فراہم کرنا ہے۔ صنعت کے ماہرین کو اس طرح کے اقدامات سے جڑتے ہوئے دیکھنا اور وباکے دوران طلبہ کے لئے آن لائن تربیتی سیشن کا انعقاد بہت حوصلہ بخش ہے“۔