اے ایم یو : درخت لگانا اسلام میں صدقہ جاریہ ہے-ڈاکٹر فائزہ عباسی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-11-2022
اے ایم یو : درخت لگانا اسلام میں صدقہ جاریہ ہے-ڈاکٹر فائزہ عباسی
اے ایم یو : درخت لگانا اسلام میں صدقہ جاریہ ہے-ڈاکٹر فائزہ عباسی

 

 

علی گڑھ،:انھوں نے درختوں کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا: ”نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم درخت لگانے کے بہت شوقین تھے اور اپنے صحابہ کو بھی یہ کہہ کر ایسا کرنے کی تلقین کرتے تھے کہ جو کوئی درخت لگاتا ہے اور اس کی دیکھ بھال کرتا ہے، اسے اس کا صلہ ملے گا“ (مسند)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے خلیق احمد نظامی سنٹر فار قرآنک اسٹڈیز میں یو جی سی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سینٹر کی ڈائرکٹر ڈاکٹر فائزہ عباسی نے  ’آب و ہوا کی تبدیلی، کاربن اخراج اور قرآن کریم میں درختوں کی اہمیت‘ موضوع پر خطبہ  میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔

ڈاکٹر فائزہ نے کہا ”درخت لگانا اسلام میں ایک صدقہ جاریہ ہے۔ جب بھی کوئی انسان یا کوئی جانور درخت کے سائے میں پناہ لیتا ہے یا اس سے پیدا ہونے والے پھل کا مزہ لیتا ہے، تو پودے لگانے والے کو اس کی موت کے بعد بھی انعام ملے گا“۔

انہوں نے مزید کہا: کرہ ارض کے سبز ہ کو بڑھاکر گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کو کم کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر فائزہ نے کہاکہ اسلام انسانیت کو زمین کی دیکھ بھال کا درس دیتا ہے۔

مسلمانوں کا ماننا ہے کہ بنی نوع انسان کو کرہ ارض کے محافظوں کے طور پر کام کرنا چاہیے، اور یہ کہ وہ اپنے اعمال کے لیے اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہوں گے۔ نگہبانی کا یہ ایک طاقتور تصور ہے اور اسے مسلم ممالک میں ماحولیاتی پالیسی میں تبدیلی کے لیے موسمیاتی تبدیلی پر اسلامی اعلامیہ میں استعمال کیا گیا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس مسئلے پر غور کے لئے یہ ایک مناسب وقت ہے کیوں کہ شرم الشیخ، مصر میں 6 تا 18 نومبر 2022 عالمی رہنما سی او پی 27 کے لئے جمع ہوئے۔ ڈاکٹر فائزہ نے قرآن پاک میں درختوں کے ذکر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی خلیق احمد نظامی سنٹر میں ان درختوں اور پودوں پر مشتمل ایک باغ تیار کیا جائے گا۔

خطبہ کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر عبدالرحیم قدوائی (اعزازی ڈائریکٹر، خلیق احمد نظامی سینٹر) نے کہا: عقیدہ پر مبنی ماحولیاتی تحریکیں اور خاص طور سے اسلامی ایکو -تھیولوجی، پوری دنیا میں ملٹی ڈسپلنری نقطہ نظر کے اعتبار سے اہمیت حاصل کر رہی ہے۔ ڈاکٹر ارشد اقبال نے بھی قرآن مجید میں مذکور پودوں پر گفتگو کی۔ محمد سلمان غوری نے شکریہ ادا کیا اور سید محمد مبشر نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔