اے ایم یو: بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ کے نئے طلبہ کے لئے اورئنٹیشن پروگرام کا انعقاد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
اے ایم یو: بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ کے نئے طلبہ کے لئے اورئنٹیشن پروگرام کا انعقاد
اے ایم یو: بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ کے نئے طلبہ کے لئے اورئنٹیشن پروگرام کا انعقاد

 

 

آواز دی وائس، علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ میں ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے)، ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (انٹرنیشنل بزنس)، ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن) اور ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس) کے کورسوں داخلہ لینے والے نئے طلبہ کے لئے اورئنٹیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

طلبہ کو بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ اور فیکلٹی کے نظام تعلیم و تدریس، نصاب اور کورس کے تقاضوں سے واقف کراتے ہوئے فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کی ڈین پروفیسر سلمیٰ احمد نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مارکیٹنگ، فنانس اور ایچ آر سمیت تمام بنیادی موضوعات پر معقول دسترس کے لئے دستیاب سہولیات کا بہترین استعمال کریں۔

اپنے خطبہ استقبالیہ میں انھوں نے کہا ”اے ایم یو میں فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز بڑے خواب دیکھنے کے لئے ایک بہتر ماحول فراہم کرتی ہے اور طلبہ کو اپنی بہترین کوششیں کرنے کی ضرورت ہے“۔ بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ کے چیئرمین پروفیسر جمال اے فاروقی نے سبھی فیکلٹی ممبران کا تعارف کرایا۔

انھوں نے کہا ”شعبہ کے اساتذہ طلبہ کو مطلوبہ کارپوریٹ بصیرت فراہم کریں گے اور کلاس روم اور سرگرمیوں پر مبنی تدریس کے ذریعے ترسیلی صلاحیت، مزاج اور موضوع کی تربیت کے ساتھ ان کے علم اور مہارت کو فروغ دیں گے“۔ پروفیسر محمد اسرارالحق نے طلبہ کو نصاب اور آرڈیننس سے آگاہ کیا اور کریڈٹ پوائنٹس، انٹرن شپ اور مقالہ لکھنے کے بہترین طریقوں پر روشنی ڈالی۔

پروفیسر ولید احمد انصاری نے یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری اور شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی سیمینار لائبریری میں دستیاب کتب و رسائل اور تحقیقی مواد کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے شعبہ میں مینٹر- مینٹی اسکیم کی ضرورت پر زور دیا۔

پروفیسر محمد نوید خاں نے نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) اور شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے بارے میں ایک پریزنٹیشن دیا اور نئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ شعبہ اور یونیورسٹی کی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے کے لئے مختلف تنظیموں / اداروں کی طرف سے اسپانسرشدہ پروجیکٹوں پر کام کریں۔

پروفیسر جاوید اختر نے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن اور فرینک اینڈ ڈیبی اسلام مینجمنٹ کمپلیکس کی تاریخ پر گفتگو کی۔ انہوں نے سینئر اساتذہ اور سابق طلبہ کے تعاون پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر پرویز طالب نے فرینک اینڈ ڈیبی اسلام انٹرپرینیئرشپ اینڈ انکیوبیشن سنٹر اور شعبہ کی کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔

انھوں نے ملازمت اور انٹرپرینیئرشپ کے درمیان فرق کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ شعبہ کے کئی سابق طلبہ کامیاب انٹرپیرینیئر بنے ہیں۔

پروفیسر عائشہ فاروق نے طلبہ کو شخصیت کی نشوونما کے لئے غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی، جب کہ پروفیسر فضا تبسم اعظمی نے نئے طلبہ کو ٹریننگ اور پلیسمنٹ سیل کی سرگرمیوں سے روشناس کرایا۔

ڈاکٹر زرین حسین فاروق نے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر اسد رحمان نے انجام دئے۔ سالِ آخر کے دو طلبہ زینب فاطمہ بلگرامی اور طلحہ جمال شاہد خاں نے اپنے تجربات بیان کئے۔