اے ایم یو: تیسرے آکسیجن جنریشن پلانٹ کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2021
اے ایم یو
اے ایم یو

 

 

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اعلیٰ صلاحیت والے تیسرے آکسیجن جنریشن پلانٹ کا بدھ کو افتتاح کیا۔

یہ پلانٹ ایک منٹ میں ایک ہزار لیٹر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو ایک وقت میں تقریباً دو سو مریضوں کے لئے کافی ہوگا۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں پی ایم کیئر س فنڈ سے نصب ہونے والا یہ دوسرا پلانٹ ہے۔ پہلا آکسیجن پلانٹ جے این ایم سی میں اس سال جون میں اے ایم یو کے چانسلر، عزت مآب ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے مالی تعاون اور اے ایم یو کے سابق طلبہ کے عطیات سے لگایا گیا تھا۔

وائس چانسلر نے کہا ”نیا پلانٹ کووڈ وارڈ مین آئی سی یو آپریشن تھیٹر کمپلیکس کو آکسیجن سپلائی کرے گا، جبکہ پہلے لگائے گئے پلانٹ، ریسپائریٹری آئی سی یو، پیڈیاٹرک وارڈ اور آئی سی یو، میڈیسن وارڈ، پلمونولوجی وارڈ، کورونری کیئر یونٹ، سی سی یو اور دیگر یونٹوں میں آکسیجن فراہم کریں گے“۔

پروفیسر منصور نے کہا: ”یہ لازم ہے کہ اقدامات کی منصوبہ بندی میں تیزی سے کام کیا جائے اور اگر تیسری لہر آتی ہے تو تیاریاں بہتر ہوں - تاکہ زندگیوں کو بچایا جاسکے- طبی ڈھانچہ کو تیار رکھ کر ہم سبھی احتیاطی اقدامات کررہے ہیں“۔

پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) نے کہا، ”تین آکسیجن پلانٹوں کے ساتھ جے این ایم سی اب ایک وقت میں فی منٹ تین ہزار لیٹر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے“۔

پروفیسر شاہد علی صدیقی (پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا کہ بہتر سہولیات کے ساتھ کووِڈ کے خطرہ سے زیادہ اچھے طریقہ سے نپٹا جاسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر کے اسپتالوں نے کووِڈ کی دوسری مہلک لہر سے سبق سیکھا ہے۔

پروفیسر حارث ایم خان (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) نے کہا کہ کووِڈ وبا سے نپٹنے میں میڈیکل آکسیجن کا بہت اہم رول ہے اور آکسیجن پلانٹوں کی تنصیب سے میڈیکل کالج میں آکسیجن کی سہولت والے بیڈ کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر عبید اے صدیقی (نوڈل افسر، آکسیجن گیس پلانٹ) نے کہا ”جے این ایم سی، تیسری کووڈ لہر کی صورت میں آکسیجن کی ضرورت سے نمٹنے کے لئے کافی حد تک اہل ہوگیا ہے۔ ان تین جدید ترین آکسیجن جنریشن پلانٹس کے علاوہ جے این ایم سی میں مائع میڈیکل آکسیجن کی بھی وافر سپلائی ہے“۔

افتتاحی تقریب میں پروفیسر محمد ریحان (ایم آئی سی، محکمہ بجلی) اور جے این ایم سی کے سبھی ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ موجود تھے۔