پروفیسر آبھا لکشمی سنگھ کے انتقال پر اے ایم یو سوگوار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-09-2022
 پروفیسر آبھا لکشمی سنگھ کے انتقال پر اے ایم یو سوگوار
پروفیسر آبھا لکشمی سنگھ کے انتقال پر اے ایم یو سوگوار

 

 

علی گڑھ : معروف جغرافیہ داں اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی سبکدوش استاد پروفیسر آبھا لکشمی سنگھ کا مختصر علالت کے بعد انتقال ہو گیا جس سے یونیورسٹی برادری سوگوار ہے۔

 وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا ”میں پروفیسر آبھا کے اہل خانہ، اور متعلقین سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ وہ بے مثال اور متاثر کن شخصیت کی حامل تھیں، اور ان سے واقف ہونا ہماری خوش قسمتی تھی۔ پروفیسر آبھا کو عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا“۔

تعزیتی قرارداد پیش کرتے ہوئے شعبہ جغرافیہ کے چیئرمین پروفیسر سید نوشاد احمد نے کہا: ”فیکلٹی ممبران، سابق رفقاء اور پروفیسر آبھا کے طلباء و طالبات ان کے افسوسناک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور سوگوار کنبہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں“۔

اپنی تدریسی زندگی میں پروفیسر آبھا نے اے ایم یو میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ فیکلٹی آف سائنس کی ڈین اور شعبہ جغرافیہ کی چیئرپرسن رہیں۔

 پروفیسر آبھا 1978ء میں جغرافیہ کے لیکچرر کے طور پر اے ایم یو سے وابستہ ہوئیں اور بعد میں وہ ریڈر اور پروفیسر مقرر ہوئیں۔ اس دوران انھوں نے جغرافیہ کے میدان میں بہت سے علمی کام انجام دئے۔

پروفیسر آبھا نے سٹی پلاننگ، مقامی منصوبہ بندی، شہری پائیداری، زمین کے استعمال کی منصوبہ بندی، پائیدار ترقی، تعمیر شدہ ماحولیات، ماحولیاتی شہری منصوبہ بندی، شہری ترقی اور ماحولیاتی اثرات کے جائزہ سمیت دیگر موضوعات سے متعلق متعدد تحقیقی مقالے معیاری جرائد میں شائع کئے۔

  انھوں نے الہ آباد یونیورسٹی سے گریجویشن، 1969ء میں پوسٹ گریجویشن، 1970 میں ایم فل اور 1976 میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔

  پروفیسر آبھا کے طلباء انھیں ایک مشفق، ہمدرد اور فکرمند استاد کے طور پر یاد کرتے ہیں اور ان کے رفقاء کو یہ بات اچھی طرح یاد ہے کہ کس طرح سے فیکلٹی کی ڈین اور شعبہ کی چیئرپرسن کے طور پر انھوں نے پوری محنت، دیانتداری اور سخت انتظامی نظم و نسق کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں جس سے دوسروں کو بھی تحریک ملتی رہی۔