اے ایم یو: ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن ۔آؤٹ لک-آئی سی اے آر ای رینکنگ میں چوتھے نمبر پر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2022
اے ایم یو: ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن ۔آؤٹ لک-آئی سی اے آر ای رینکنگ میں چوتھے نمبر پر
اے ایم یو: ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن ۔آؤٹ لک-آئی سی اے آر ای رینکنگ میں چوتھے نمبر پر

 

 

علی گڑھ، 5/جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا شعبہ ترسیل عامہ، حال ہی میں جاری ’آؤٹ لُک-آئی سی اے آر ای رینکنگ2022 میں چوتھی رینک کے ساتھ میڈیا اسٹڈیز کے نامور اور مقبول عام اداروں میں سے ایک ہے۔

    سلیکشن پروسیز، تعلیمی امتیاز، بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات، شخصیت کی نشو و نما، انڈسٹری ایکسپوزر اور پلیسمنٹ کے اعتبار سے ملک گیر سروے میں حکومتی منظوری یا الحاق رکھنے والے سرفہرست پانچ اداروں / شعبہ جات میں اسے شامل کیا گیا ہے۔ شعبہ ترسیل عامہ نے حال ہی میں ایک جدید ترین  ’فرینک اینڈ ڈیبی اسلام آڈیٹوریم‘ قائم کیا ہے جہاں تعلیمی مقصد سے فلموں کی نمائش کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ تین کیمروں والا اسٹوڈیو بھی موجود ہے۔

    فیکلٹی ممبران اور طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا: ”رینکنگ اہم ہوتی ہے کیونکہ اس کی بدولت کالج اور یونیورسٹیاں ذہین اور سنجیدہ طلباء کی اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ اے ایم یو برادری کو اس بات پر فخر ہے کہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات ہندوستان میں علم کے اعلیٰ ترین مرکز کے طور پر رینکنگ کے ساتھ اپنے امتیاز کو ثابت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے ایم یو میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور ریسرچ اسکالرز کو بہترین پیشہ ور بننے کی تربیت دی جا رہی ہے۔

    ترسیل عامہ شعبہ کے سربراہ پروفیسر پتاباس پردھان نے کہا ”طلباء ماس کمیونیکیشن کی تعلیم کے لئے اے ایم یو کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ مختلف قومی اور بین الاقوامی سروے میں ہماری رینک تعلیم کے اعلیٰ معیار اور بہتر روزگار کے امکان کو ظاہر کرتی ہے۔ ہم تھیوری اور پریکٹس کے بہترین امتزاج کے ساتھ تعلیم دینے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ طلباء ٹی وی، پرنٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، رابطہ عامہ اور ایڈورٹائزنگ میں دستیاب مواقع کا خاطر خواہ استعمال کرنے کے لائق ہوں“۔

    سینئر فیکلٹی ممبر پروفیسر ایم شافع قدوائی نے کہا کہ شعبہ ترسیل عامہ نے اکیڈمک اور پیشہ ورانہ میدان دونوں میں اپنی ساکھ بنائی ہے۔ انھوں نے مزید کہا”پرویز عالم (بی بی سی)، سیف خالد (الجزیرہ)، رومانہ اسرار (اے بی پی نیوز)، انوج کمار (دی ہندو)، عارفہ خانم (دی وائر)، برجیندر پراشر (ہندوستان ٹائمز)، سمیرا خان (ٹی وی 9)، پونم شرما (آج تک)، حنا زبیر (ٹی وی 18) جیسی کئی نامور میڈیا ہستیوں نے اے ایم یو کے شعبہ ترسیل عامہ سے تعلیم حاصل کی ہے“۔

     شعبہ ترسیل عامہ، ماسٹرز، پی ایچ ڈی اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کورسیز کی تعلیم فراہم کرتا ہے جس میں کنورجنٹ جرنلزم، ٹی وی نیوز اور کرنٹ افیئرز پروڈکشن، فلم اینڈ کلچرل اسٹڈیز، سائنس اور ہیلتھ کمیونیکیشن اور میڈیا و ماحولیات کا احاطہ کیا جاتاہے۔

سوشل ورک کی تعلیم کے لئے ملک کا 12واں بہترین ادارہ / کالج / شعبہ قرار دیا گیا ہے۔

یہ رینک، اِنٹیک کوالٹی اور گوورننس، اکیڈمک ایکسیلنس، بنیادی ڈھانچہ اور کیمپس میں قیام کے تجربے، شخصیت و قائدانہ صلاحیت کی نشوو نما، کیریئر میں بہتر پیش رفت اور پلیسمنٹ کی بنیاد پر دی گئی ہے۔

    اے ایم یو کے سوشل ورک شعبہ کواس سروے میں حصہ لینے والے اداروں میں کیرئیر کی بہتر پیش رفت اور طلباء کے پلیسمنٹ کے معاملہ میں پہلے مقام پر رکھا گیا ہے اور سبھی سوشل ورک کالجوں میں کفایتی فیس میں کارآمد تعلیم فراہم کرنے کے معاملہ میں آٹھویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

     اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا ”جب پوری دنیا کی یونیورسٹیاں لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاس روم کا ماحول قائم کرنے کے لئے جدوجہد کررہی تھیں، تب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات ٹاپ رینکنگ میں شامل ہوئے۔ ملک کے سرکردہ اداروں میں سوشل ورک شعبہ کا مقام ہمارے اساتذہ کی مسلسل محنت اور یونیورسٹی میں موزوں و معیاری تحقیق کی عکاسی کرتا ہے“۔

    سوشل ورک شعبہ کے چیئرمین پروفیسر نسیم احمد خاں نے کہا کہ شعبہ کے فیکلٹی ممبران طلباء کے اندر ایسے تعلیمی نظریات و افکار کو فروغ دے رہے ہیں جو بدلتے وقت میں ضروری ہیں اور قومی ترقی میں اے ایم یو کا تعاون تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

    قابل ذکر ہے کہ اے ایم یو کے سوشل ورک شعبہ میں پی ایچ ڈی، ماسٹر اور بیچلر ڈگری کورس کی تعلیم دی جاتی ہے۔