اے ایم یو:امیت کمار نے آئی ایس ایس امتحان 2021میں ٹاپ کیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اے ایم یو:امیت کمار نے آئی ایس ایس امتحان 2021میں ٹاپ کیا
اے ایم یو:امیت کمار نے آئی ایس ایس امتحان 2021میں ٹاپ کیا

 

 

علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ شماریات و آپریشنز ریسرچ سے تعلق رکھنے والے ریسرچ اسکالر امیت کمار کی کہانی عزم و حوصلہ اور محنت و لگن کی مثال ہے۔ انھوں نے نہ صرف یونین پبلک سروس کمیشن (یوپی ایس سی) کے انڈین اسٹیٹسٹیکل سروس (آئی ایس ایس) امتحان 2021 میں ٹاپ کیا ہے بلکہ ریزرو بینک آف انڈیا کے گریڈ بی - ڈی ایس آئی ایم میں دوسری رینک حاصل کی ہے۔  امیت کمار نے کہاکہ یوپی ایس سی کے کسی امیدوار کے لئے سب سے بڑا چیلنج مقصد کے حصول تک اپنی تیاری و محنت کو درست راستے پر رکھنا ہے اور کامیاب سفر کے لئے بنیادی بات یہ ہے کہ رکاوٹوں کے باوجود آپ اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔

امیت کمار کے مطابق جب کووڈ کی وبا نے معمولات زندگی کو ٹھپ کر دیا تھا تب انھوں نے مختلف شماریاتی طریقوں، ڈاٹا پروسیسنگ، قومی اور بین الاقوامی شماریاتی نظام، مختلف شعبوں کے اعداد و شمار اور قومی اکاؤنٹس، لینیئر تخمینے، شماریاتی معلومات، کیس اسٹڈیز اور نیشنل سیمپل سروے آفس (این ایس ایس او) کے کام کاج کے مطالعہ میں اپنا وقت صرف کیا۔

انھوں نے کہا ”میں نے شماریات، جنرل انگلش اور جنرل اسٹڈیز کے دو ڈسکرپٹیو اور دو آبجیکٹیو پیپرز کی تیاری کے لئے اپنے وقت کو سوجھ بوجھ کے ساتھ استعمال کیا۔ کلیدی نظریات کو سمجھنے کے لئے مناسب طریقے سے تیاری کی، اپنے نوٹ میں تمام اہم نکات کو شامل کیا، متعدد سیمپل پیپرز حل کئے اور اپنے موضوع پر کسی بھی نئی معلومات کو نہیں چھوڑا“۔

امیت کمارنے کہا کہ ”میں نے اپنی توانائی کو صحیح سمت میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور مطلوبہ نتائج سامنے آنے پر خوشی ہورہی ہے“۔ انھوں نے کہا”میں نے اپنے گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور ریسرچ کورسز میں سنجیدگی اور تفصیل کے ساتھ پڑھائی کی اور یہ سب آئی ایس ایس کی تیاری میں بہت مفید ثابت ہوا“۔انھوں نے مزید کہاکہ شعبہ شماریات و آپریشنز ریسرچ، اے ایم یو کے اساتذہ کی رہنمائی کے بغیر امتحان میں کامیابی کا حصول ممکن نہیں ہوتا۔

 امیت کمار 16 تا 18 جولائی منعقد ہونے والے یوپی ایس سی، آئی ایس ایس امتحان کے چھ مختلف پرچوں میں شامل ہوئے اور نومبر کے آخری ہفتے میں پرسنالٹی ٹیسٹ انٹرویو ہوا۔۔

------------------- امیت کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پروفیسر عقیل احمد (چیئرمین، شعبہ شماریات و آپریشنز ریسرچ) نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ کہ امیت کمار ایک ایسے وقت میں آئی ایس ایس امتحان میں ٹاپ کرنے میں کامیاب ہوئے، جب کووِڈ 19 کی وجہ سے ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں معطل تھیں۔ انھوں نے کہا ”امیت کمار اے ایم یو کے طلبہ اور یونیورسٹی برادری کے لئے باعث تحریک ہیں۔ ان کی کامیابی فیکلٹی ممبران کی طرف سے فراہم کی جانے والی رہنمائی کا بھی ثبوت ہے“۔