اے ایم یو: سائنس بیداری کے لئے گرانٹ موصول

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-02-2022
اے ایم یو: سائنس بیداری کے لئے گرانٹ موصول
اے ایم یو: سائنس بیداری کے لئے گرانٹ موصول

 

 

آواز دی وائس، علی گڑھ

طلبہ کے اندر سائنس و ٹکنالوجی اور جدید تحقیقی مطالعات کے سلسلہ میں بیداری بڑھانے کی خاطر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے لئے محکمہ سائنس و ٹکنالوجی، وزارت سائنس و ٹکنالوجی، حکومت ہند کی جانب سے سِنرجسٹک ٹریننگ یوٹلائزنگ دَ سائنٹفک اینڈ ٹکنالوجیکل انفراسٹرکچر (ایس ٹی یو ٹی آئی) کے تحت ایک سال کے لئے 1.16 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔

اس گرانٹ کے ساتھ اے ایم یو 'ہب اور اسپوک ماڈل' کا استعمال کرتے ہوئے ریسرچ اسکالروں، فیکلٹی ممبران اور سائنسدانوں کے لئے سائنس و ٹکنالوجی ڈھانچہ کی بلندکاری کے مقصد سے موصول گرانٹ کے تحت ٹریننگ پروگرام، اور آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت 22/تا 28/فروری مختلف اسکولوں کے گیارہویں اور بارہویں جماعت (سائنس) کے طلبہ کے لئے سائنس بیداری ہفتہ کا انعقاد کرے گا۔

اسی پس منظر میں اے ایم یو کا شعبہ طبیعیات ایک ’سائنس آگہی ہفتہ‘ کا آغاز 22/ فروری کو کرے گا جس کا اختتام یومِ قومی سائنس پر 28/ فروری کو ہوگا۔ اس میں پروفیسر بی پی سنگھ (چیئرمین، شعبہ طبیعیات)، پروفیسر ارچنا شرما (سرن، سوئٹزرلینڈ)، پروفیسر ایم سجاد اطہر، ڈاکٹر ایس ایم افضل، ڈاکٹر ایس ایس زیڈ اشرف، ڈاکٹر سدھیر کے گپتا، ڈاکٹر جئے پرکاش اور ڈاکٹر فراز اے انعام کے خطبات ہوں گے۔

پروفیسر بی پی سنگھ نے کہا کہ بیداری ہفتہ میں سائنس کی اہمیت کو اجاگر کرنے والے اور نوجوانوں کو سائنس کی طرف راغب کرنے والے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد طلباء کو سائنسی مذاکروں اور دیگر ایسے پروگراموں میں شامل کرنا ہے جو ان کے اندر سائنسی رویہ اور مزاج پیدا کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا: ہفت روزہ بیداری پروگراموں میں اے ایم یو اور علی گڑھ کے مختلف اسکولوں کے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سائنس کے طلبہ شامل ہوں گے اور خواتین کی اختیار دہی کے مقصد سے اس میں خاص طور سے لڑکیوں کی شرکت کو ترجیح دی جائے گی۔محکمہ سائنس و ٹکنالوجی کا یہ اقدام طلبہ کو حکومت ہند کے تعاون سے دستیاب وسائل اور ذرائع سے مستفید ہونے کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔

اس دوران طلبہ کو ممتاز اساتذہ ومحققین سے ملنے کا موقع ملے گا۔

سائنسی خطبات اور سائنسی کوئز سمیت تقریری مقابلے اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی اور ہندوستان کی سائنسی شان کو ظاہر کرنے والی مختصر فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔