شاہ تاج خان کی کتاب'پکنک' کا انوکھا اجرا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-01-2022
 شاہ تاج خان کی کتاب'پکنک' کا انوکھا اجرا
شاہ تاج خان کی کتاب'پکنک' کا انوکھا اجرا

 


آواز دی وائس، پونے

ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والی بچوں کی مشہور ادیبہ شاہ تاج خان کی کتاب پکنک کا اجرا بالکل انوکھے انداز میں عمل میں آیا۔

سائنسی موضوعات پر بچوں کے لیے کہانیاں لکھنے والی اتر پردیش اردو اکادمی کی انعامہ یافتہ مصنفہ شاہ تاج خان کی کتاب پکنک کے دوسرے ایڈیشن کا  اجرا عمل میں آیا ہے۔

ضلع پریشد اردو اسکول وسئی کے بچوں کے ہاتھوں کتاب'پکنک' اجرا3 جنوری 2021 کو عمل میں آیا۔

یہ اجرا کی تقریب اس لیے بھی انوکھی ثابت ہوئی کہ یہ رسم اپنے روایتی انداز سے پرے ضلع پریشد اردو اسکول کے طلبہ کے ہاتھوں سے انجام دی گئ تھی۔ اس پررونق تقریب کی صدارت ڈرامہ نگار و آئیٹا پال گھر کے سکریٹری نعیم احمد نے کی۔

اس موقع پر آئیٹا پال گھر کے سینئر رکن سلیم عمرانی اور صدر تنویر احمد اور گریجویٹ معلمہ حنا کوثر موجود تھیں۔

طالب علم امین شیخ کی تلاوت سے تقریب کا آغاز ہوا بعد ازیں تنویر احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ تاج خان کی کتاب پکنک کی پہلی جلد کا اجرا بھی ضلع پریشد اردو اسکول کے طلبہ کے ہاتھوں انجام پایا تھا اور اس کے دوسرے ایڈیشن کا اجرا بھی آج بچوں کے ہاتھوں انجام پایا۔

awazthevoice

شاہ تاج خان کی کتاب 'پکنک' کا اجرا

انہوں نے کہا کہ یہ کتاب بچوں کی کتاب ہےتو بچوں کے ہی ہاتھوں اس کا اجرا کیا جانا ادبِ اطفال کی دنیا میں ایک نئی شروعات ہے۔ اس نئی شروعات سے طلبہ میں کتاب کو پڑھنے کا تجسس بڑھے گا اور وہ بڑی اپنائیت کے ساتھ کتاب کے مطالعہ کی جانب راغب ہوں گے۔

جیسا کہ پکنک کی پہلی جلد کو بچوں نے بہت پسند کیا تھا اور وہ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئی تھیں۔انہوں نے بچوں سے درخواست کی وہ اس کتاب کا مطالعہ ضرور کریں کیونکہ اس کتاب سے سائنسی معلومات میں اضافہ ہوگا اور سائنس کی درسی کتابوں میں پڑھے موضوعات کا اعادہ بھی ہوجائے گا۔

آخر میں اس تقریب کے صدرنعیم احمد نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ شاہ تاج خان کی دیرینہ خواہش تھی کہ پکنک کی پہلی جلد کی طرح دوسرے ایڈیشن کا اجرا بھی بچوں کے ہاتھوں انجام پائے۔ لہذا آج بچوں کے ہاتھوں یہ رسم ادا کردی گئی ہے۔ 

آپ نے طلبہ سے کہا کہ وہ اس کتاب کو ضرور پڑھیں کیوں کہ ان سائنسی کہانیوں کے مجموعہ کو آپ کے لیے شاہ تاج خان نے بڑے ہی خوبصورت انداز میں مرتب کیا ہے کہ کہانیوں کے انداز میں آپ کو سائنسی تصورات کو سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ اُردوادب میں سائنسی کہانیوں کی شروعات کرکے شاہ تاج خان نے اردو ادب میں ایک نئی صنف کا اضافہ کیا ہے۔

اس موقع پر شاہ تاج خان نے طلبہ سے کہا کہ آؤ کتابوں سے دوستی کریں مہم  کے تحت گشتی لائبریری میں ایسی بہت سی پیاری پیاری کتابیں طلبہ کے لیے رکھی گئی ہیں، آپ طلبہ ان کتابوں سے ضرور دوستی کریں کیونکہ اچھی کتابیں اپنے دوستوں کو بامِ عروج پر پہنچاتی ہیں۔

اس موقع پرضلع پریشد اردو اسکول وسئی کے طلبہ کے لئے آئیٹا پال گھر کی جانب سے اے پی جے عبدالکلام گشتی لائبریری کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔