امریکہ: 130 سال پرانا ’ٹائم کیپسول‘ دریافت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-12-2021
امریکہ: 130 سال پرانا ’ٹائم کیپسول‘ دریافت
امریکہ: 130 سال پرانا ’ٹائم کیپسول‘ دریافت

 

 

ورجینیا: امریکی ریاست ورجینیا میں کنفیڈریٹ جنرل رابرٹ ای لی کے مجسمے کے پلیٹ فارم (بنیاد) کو توڑنے والے مزدوروں نے زمین سے تانبے کا ایک باکس دریافت کیا ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے 130 سال پہلے دفن کیا گیا تھا۔یہ بظاہر دوسرا ’ٹائم کیپسول‘ ہے، جو اس جگہ سے دریافت کیا گیا ہے۔ورجینیا کے گورنر رالف نارتھم نے ٹوئٹر پر باکس کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’انہوں نے اسے تلاش کرلیا۔ساتھ ہی انہوں نے لکھا: ’یہ ممکنہ طور پر ٹائم کیپسول ہے، جسے ہر کوئی تلاش کر رہا تھا۔

دراصل 1887 کی ایک اخباری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سول وار کے دوران شمالی ورجینیا کی فوج کی کمان کرنے والے جنرل رابرٹ ای لی کے مجسمے کے پلیٹ فارم میں چھپائے گئے ٹائم کیپسول میں بٹن اور گولیاں، کنفیڈریٹ کرنسی، نقشہ جات، مقتول صدر ابراہم لنکن کی تابوت میں لی گئی نایاب تصویر اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

رالف نارتھم نے ایک اور ٹویٹ میں بتایا کہ یہ باکس منگل کو دوپہر ایک بجے کھولا جائے گا اور اس کا ایکسرے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ’ماہرین کا خیال ہے کہ اس میں سول وار کے دور کے سکے، کتابیں، بٹن اور یہاں تک کہ گولہ بارود بھی ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل مزدوروں نے مجسمے کے پلیٹ فارم سے ملنے والے جوتوں کے سائز کے ایک اور باکس کو بھی نکالا تھا، لیکن واضح طور پر یہ وہ ٹائم کیپسول نہیں تھا، جس کا ذکر 1887 کے اخباری مضمون میں کیا گیا تھا۔

مذکورہ باکس میں سیلین زدہ تین کتابیں، گیلے کپڑے میں لپٹی ایک تصویر اور ایک سکہ مجود تھا۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ اشیا مجسمے کو لگانے والے کچھ مزدوروں نے آئندہ نسلوں کے لیے یادگار کے طور پر چھوڑی تھیں۔

پیر کو ملنے والے ٹائم کیپسول کا سائز تقریباً دگنا ہے۔مجسمے کو ہٹانے والی کمپنی کے مالک ڈیون ہنری نے بتایا کہ یہ باکس بنیادی طور پر زمین میں ایک گرینائٹ انکلوژر کے اندر پایا گیا تھا، جس کو چاروں طرف سے تعمیراتی ملبے سے بھرا گیا تھا۔ 

ہنری نے بتایا کہ مزدوروں نے گرینائٹ کے انکلوژر کے اوپری حصے کو کھینچا تو انہیں اس کے اندر باکس نظر آیا، جو بظاہر تانبے کا بنا ہوا نظر آتا ہے۔ورجینیا کے شہر رچمنڈ میں، جو کہ 65-1861 تک کی خونی سول وار کے دوران جنوب کا دارالحکومت تھا، لگا ہوا رابرٹ ای لی کا مجسمہ رواں برس ستمبر میں ہٹا گیا تھا۔یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں حالیہ مہینوں میں غلامی کی دور کی متعدد یادگاروں کو ہٹایا گیا۔

یہ مجسمہ گذشتہ سال ریاست مینیسوٹا میں ایک سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں قتل ہونے والے سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی موت کے بعد نسلی انصاف کے لیے ہونے والے مظاہروں کا مرکز بنا۔ 

واضح رہے کہ سول وار کے دوران، کنفیڈریٹ ساؤتھ نے ریاست ہائے متحدہ سے علیحدگی اختیار کرکے غلامی کو برقرار رکھنے کے لیے لڑائی کی تھی، جسے باقی ملک نے ختم کر دیا تھا