شیخ عبدالکریم : ایک' فوجی' کی خدمات کو 'فوج 'کا سلام

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 01-11-2021
ہند ۔پاک جنگ 1971:  شیخ عبدالکریم کی خدمات کو خراج تحسین
ہند ۔پاک جنگ 1971: شیخ عبدالکریم کی خدمات کو خراج تحسین

 


شیخ محمد یونس،حیدرآباد

ہندوستان ۔ پاکستان جنگ 1971کے ہیرو اور اسٹار میڈل یافتہ فوجی شیخ عبدالکریم کیلئے پھر ایک مرتبہ خوشی و مسرت کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہاجب فوج کے اعلیٰ عہدیدار نے نہ صرف ان کے مکان پہنچ کران سے ملاقات کی بلکہ انہیں فوج کی جانب سے تحائف بھی پیش کئے۔شیخ عبدالکریم کو آرٹیلری ریجمنٹ (توپ خانہ)کا ٹریک سوٹ تحفتاً پیش کیا گیا اور تصویر کشی کی گئی۔

یہ تصویریں ہند۔پاک جنگ 1971کی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر ریجمنٹ میں جگہ جگہ آویزاں کی جائیں گی اور اپنے بہادر و جانباز سپاہی کی خدمات کو یاد کرنے کے علاوہ انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

شیخ عبدالکریم کی خدمات کا اعتراف

آرٹیلری ریجمنٹ کے کمانڈنٹ کرنل اجئے کی ہدایت پر صوبیدار پی کے سوامی ' شیخ عبدالکریم کے مکان پہنچے اور ان کا حال دریافت کیا۔فوج کی طرف سے انہیں غذائی اجناس گیہوں کا آٹا' شکر' چائے کی پتی' دال' چاکوز و دیگر اشیاء پیش کی گئیں۔

انہیں ٹریک سوٹ بھی تحفہ میں دیا گیا۔شیخ عبدالکریم نے فوج کی طرف سے تحفتاً پیش کردہ ٹریک سوٹ زیب تن کیا اورتصویریں کھنچوائیں۔یہ تصویر یں ہند۔پاک جنگ کی عنقریب منعقد شدنی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر مختلف مقامات اور ریجمنٹ میں لگائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ہند۔پاک جنگ 1971کے ہیرو شیخ عبدالکریم کی پریشان کن اور خستہ حال زندگی کے بارے میں رواں سال ماہ مارچ میں آواز دی وائس میں مفصل کہانی پیش کی گئی تھی۔اس وقت ہندوستانی فوج نے نہ صرف اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا بلکہ دلبرداشتہ اور حالات سے نبردآزما فوجی کو سہارا دیا۔

فوج نے شیخ عبدالکریم کو گلے لگایا اور ان کی خدمات کو سلام کیا۔شیخ عبدالکریم کو ان کے ریجمنٹ لے جایا گیا تھا جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔تب سے آج تک فوج ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید پڑھیں:شیخ عبدالکریم ۔ آٹوچلارہا ہے1971 کی جنگ کا ہیرو

زندگی جدوجہد سےعبارت

شیخ عبدالکریم کی زندگی جدوجہد سے عبارت ہے۔نوجوانی میں عبدالکریم نے مادروطن کیلئے جنگ لڑی اور وہ اب عہد پیری میں زندگی کیلئے جنگ کررہے ہیں۔ان کے سینہ پر کئی تمغے تو ہیں تاہم ان کی جیب خالی ہے۔

زندگی کی جدوجہد میں وہ آٹو ڈرائیور بن گئے ہیں اور محنت و مشقت کے ذریعہ زندگی گزار رہے ہیں۔شیخ عبدالکریم کی عمر تقریباً 71برس ہے۔وہ اس عمر میں ضروریات زندگی کی تکمیل کیلئے سخت محنت اور جدوجہد کررہے ہیں۔وہ اوبیر کا آٹو چلاتے ہیں۔

 

awazurdu

فوجی افسران نے آٹو ڈرائیور  عبدالکریم کو ان کے گھر جاکر تحائف دئیے 

اسپیشل ایوارڈ اور اسٹار میڈل

ہند۔پاک جنگ 1971میں ہندوستانی آرٹیلری ریجمنٹ نے دشمن کے دانت کھٹے کردیئے تھے۔ہندوستانی فوج نے زبردست بہادری کا مظاہرہ کیا تھا اور پاکستان کے علاقہ میں 14 تا 15 کیلو میٹر اندر داخل ہوئی تھی۔دشمن سے لڑائی میں گن مین کی حیثیت سے  شیخ عبدالکریم بھی پیش پیش رہے۔یہی وجہ ہے کہ انہیں 1971کی جنگ میں اسپیشل ایوارڈ کے علاوہ اسٹار میڈل بھی عطا کیا گیا جس پر ان کا نام بھی کندہ ہے۔

عبدالکریم نے فوج میں تقریباً 9 برس خدمات انجام دیں اور نمایاں خدمات پر متعدد میڈل حاصل کئے۔

عزم مصمم کی روشن مثال

شیخ عبدالکریم کا عزم و حوصلہ قابل تحریک ہے۔وہ کبھی بھی حالات سے مایوس نہیں ہوئے۔جب وہ سرحدوں پر تعینات تھے تب ہمت اور بہادری کے ساتھ ملک کیلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔

اب جب کہ وہ ضعیف ہوچکے ہیں ۔نامساعد حالات اور معاشی مشکلات کے باوجو دمحنت و مشقت کے ذریعہ اپنی زندگی کی گاڑی کو عزت و توقیر کے ساتھ کھینچ رہے ہیں۔وہ اس عمر میں بھی محنت شاقہ کررہے ہیں۔جو کہ نوجوانوں کیلئے ایک مثال ہے۔

شیخ عبدالکریم نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی جانب سے وقتاً فوقتاً ان کا حال دریافت کیا  جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج نے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے بھی اقدامات روبہ عمل لارہی ہے۔

شیخ عبدالکریم نے بتایا کہ فوج میں خدمات کی انجام دہی کے دوران انہوں نے درخواست پیش کی تھی جس کی اساس پر انہیں ریاست تلنگانہ کے گولہ پلی میں پانچ ایکڑ اراضی منظور کی گئی تھی یہ اراضی کچھ عرصہ تک ان کے قبضہ اور کنٹرول میں رہی تاہم بعدازاں اس اراضی کو حکومت نے مقامی سات افراد میں تقسیم کردیا۔

اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں سے شکایت کی گئی جس پر اسی سروے نمبر میں انہیں دوسرے مقام پر پانچ ایکڑ اراضی فراہم کی گئی تاہم آج تک اس کے دستاویزات تیار نہیں ہوئے ہیں۔شیخ عبدالکریم نےبتایا کہ فوج نے اس بات کا نوٹ لیا ہے۔

انہوں نے ارباب مجاز اور حکومت سے خواہش کی ہے کہ وہ ان کی اراضی کے مسئلہ کو فی الفور حل کرے تاکہ انہیں راحت و سکون حاصل ہوسکے۔انہوں نے تلنگانہ حکومت سے ڈبل بیڈ روم مکان کی فراہمی کی بھی اپیل کی۔شیخ عبدالکریم نے بتایا کہ وہ ایک چھوٹے سے کرایہ کے کمرے میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ مقیم ہیں۔

مزید پڑھیں:آواز دی وائس‘ کا اثر : ہندوستانی فوج نے لگا لیا سابق فوجی’ شیخ عبدالکریم’ کو گلے’

انہوں نے فوج کی طرف سے حوصلہ اور عزت افزائی پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ عنقریب ان کے مسائل حل ہوجائیں گے۔

 

شیخ عبدالکریم نے ان کی زندگی کے حالات کو مفصل طورپر پیش کرنے پر آواز دی وائس کے منتظمین اور تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا ہےاوردعاوں سے نوازا ہے۔