یوپی ہائرایجوکیشن سروس کمیشن نےاکبرالہ آبادی کا نام اکبرپریاگ راجی کیا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 28-12-2021
یوپی ہائرایجوکیشن سروس کمیشن نےاکبرالہ آبادی کا نام اکبرپریاگ راجی کیا
یوپی ہائرایجوکیشن سروس کمیشن نےاکبرالہ آبادی کا نام اکبرپریاگ راجی کیا

 

 

لکھنو:جواکبرالہ آبادی کبھی جرمنی کی فوج سے نہیں ڈرے انھیں یوپی کی سیاست نے شہید کردیا۔حالیہ ایام میں تومشہور شاعر اکبر الہ آبادی کے نام سے بھی کھلواڑ کیاگیا۔موجودہ حکومت میں الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج کر دیا گیا۔ اب ہائر ایجوکیشن سروس کمیشن نے اس کلاسک شاعر کا نام بھی بدل دیا ہے۔

اکبر الہ آبادی کا نام اب اکبر پریاگ راجی رکھ دیا گیا ہے۔ بات یہیں تک نہیں رکی، تیغ الہ آبادی اور رشید الہ آبادی جیسے شاعروں کے نام بھی بدل دیے گئے۔ان کے نئے نام تیغ پریاگ راجی اور رشیدپریاگ راجی ہیں۔

تنقید شروع ہونے کے بعد ہائر ایجوکیشن سروس کمیشن کے چیئرمین ایشور شرن وشوکرما نے خود کو اس پورے معاملے سے لاعلم بتایا ہے۔ ایک جگہ جہاں پریاگ راج کی 462 الفاظ میں لکھی گئی، تاریخ میں جہاں ہندی ادب کی تاریخ لکھی گئی ہے ،وہاں اکبر الہ آبادی کو اکبر پریاگ راجی لکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تیغ الہ آبادی کو تیغ پریاگ راجی اور رشید الہ آبادی کو رشید پریاگ راج لکھا گیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن سروس کمیشن کی اس تبدیلی پر ادبی حلقوں میں شدید تنقید کی جارہی ہے۔ کمیشن کے اس پیج کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔

مشہور کہانی کار راجندر کمار نے بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اس تبدیلی کو احمقانہ قرار دیا ہے۔ راجندر کمار کا کہنا ہے کہ شہر کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اگر کوئی کلاسیکی ادیب اپنے نام کے آگے الہ آبادی لکھ رہا ہو اور یہی اس کی پہچان بن گیا ہو تو اسے کیسے بدلا جا سکتا ہے؟ یہ تاریخ کو مٹانے کے مترادف ہے۔ کمیشن اسے فوری طور پر ٹھیک کرے۔